پاکستان میں مالیاتی شمولیت بڑھانے کے لیے ڈیجیٹائزیشن ضروری ہے، چیئرمین ایس ای سی پی

سکیورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن آف پاکستان (ایس ای سی پی) کے چیئرمین ڈاکٹر کبیر احمد سدھو نے ریگولیٹڈ مالیاتی مصنوعات کی تقسیم اور رسائی کو بڑھانے کے لیے کیپٹل مارکیٹس، ریٹس اور انشورنس میں بڑے پیمانے پر ڈیجیٹائزیشن پر زور دیا ہے۔ ان خیالات کا اظہارانہوں نے وی آن گروپ کے سی ای او کاں ترزی اوغلو، جاز ورلڈ کے سی ای او عامر ابراہیم اور سید ظہیر مہدی سمیت …

اسلام آباد۔8ستمبر (اے پی پی):سکیورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن آف پاکستان (ایس ای سی پی) کے چیئرمین ڈاکٹر کبیر احمد سدھو نے ریگولیٹڈ مالیاتی مصنوعات کی تقسیم اور رسائی کو بڑھانے کے لیے کیپٹل مارکیٹس، ریٹس اور انشورنس میں بڑے پیمانے پر ڈیجیٹائزیشن پر زور دیا ہے۔ ان خیالات کا اظہارانہوں نے وی آن گروپ کے سی ای او کاں ترزی اوغلو، جاز ورلڈ کے سی ای او عامر ابراہیم اور سید ظہیر مہدی سمیت وی آن گروپ اور جاز ورلڈ کے اعلیٰ نمائندوں سے ملاقات کے دوران کیا۔

اس موقع پر ایس ای سی پی کے کمشنر علی فرید خواجہ بھی موجود تھے۔ملاقات میں رسمی مالیاتی مارکیٹوں میں ریٹیل شرکت بڑھانے اور سرمایہ کاری، بچت اور انشورنس تک رسائی بہتر بنانے کے لیے ٹیکنالوجی کے استعمال پر توجہ دی گئی۔وی آن گروپ اور جاز ورلڈ کی قیادت نے پاکستان کے ساتھ اپنی طویل مدتی وابستگی کا اعادہ کرتے ہوئے گزشتہ تین دہائیوں میں تقریباً 11 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری اور آئندہ تین سالوں میں مزید 1 ارب ڈالر خرچ کرنے کے منصوبوں کا ذکر کیا۔

چیئرمین ایس ای سی پی ڈاکٹر کبیر نے مالیاتی خواندگی کے لیے ڈیجیٹل رسائی پر بھی زور دیا۔ دونوں فریقین نے اس بات پر اتفاق کیا کہ ڈیجیٹل رسائی کے ساتھ مالیاتی مصنوعات اور ذمہ دارانہ سرمایہ کاری سے متعلق عوامی آگاہی بھی ضروری ہے۔

 

مزید خبریں