پاک ترک معارف انٹرنیشنل سکولز اینڈ کالجز نے کوئٹہ ریجن کے طلبہ کیلئے ایم اے جی آئی ایس 2026/3 کے تحت داخلہ اور وظائف کے مواقع کا اعلان کر دیا ۔ ادارے کے مطابق داخلہ و وظائف کیلئے امتحان یکم نومبر 2026 کو منعقد ہوگا جبکہ طلبہ 25 اکتوبر تک آن لائن درخواستیں جمع کرا سکتے ہیں۔ امتحان میں چوتھی سے نویں جماعت اور آئی جی سی ایس ای میں …
پاک ترک معارف انٹرنیشنل سکولز اینڈ کالجز کا کوئٹہ ریجن کے طلبہ کیلئے داخلہ اور وظائف کے مواقع کا اعلان

مزید خبریں
اسلام آباد۔8ستمبر (اے پی پی):پاک ترک معارف انٹرنیشنل سکولز اینڈ کالجز نے کوئٹہ ریجن کے طلبہ کیلئے ایم اے جی آئی ایس 2026/3 کے تحت داخلہ اور وظائف کے مواقع کا اعلان کر دیا ۔ ادارے کے مطابق داخلہ و وظائف کیلئے امتحان یکم نومبر 2026 کو منعقد ہوگا جبکہ طلبہ 25 اکتوبر تک آن لائن درخواستیں جمع کرا سکتے ہیں۔ امتحان میں چوتھی سے نویں جماعت اور آئی جی سی ایس ای میں داخلے کے خواہشمند طلبہ حصہ لے سکیں گے۔
امیدوار آن لائن امتحانی نظام کے ذریعے رجسٹریشن اور امتحانی فیس جمع کرا سکتے ہیں۔ ایم اے جی آئی ایس کے نتائج 2027-28 کے تعلیمی سیشن کیلئے داخلہ اور وظائف کے جائزہ کے عمل میں شامل کئے جائیں گے۔ کوئٹہ ریجن میں کے جی سے آٹھویں جماعت اور ایس ایس سی اول کیلئے نیا تعلیمی سیشن یکم مارچ 2027 سے شروع ہوگا۔ حتمی داخلہ اور وظائف کا فیصلہ متعلقہ معیار، وظائف کی کیٹیگریز اور دستیاب نشستوں کے مطابق کیا جائے گا۔
امتحان میں کوئٹہ میں اہل امیدواروں کیلئے آئی جی سی ایس ای داخلے کی کیٹیگری بھی شامل ہوگی۔ کامیاب امیدواروں کو متعلقہ رہائشی کیمپسز میں داخلے کیلئے زیر غور لایا جا سکتا ہے جن میں پشاور بوائز کیمپس، اسلام آباد بوائز کیمپس، انٹرنیشنل معارف سکولز اسلام آباد برائے طالبات اور لاہور بوائز کیمپس شامل ہیں۔ پاک ترک معارف کے مطابق 2026 میں ملک بھر میں منعقدہ ایم اے جی آئی ایس امتحان میں 5 ہزار 500 سے زائد طلبہ نے شرکت کی تھی۔
ایم اے جی آئی ایس ایک معیاری امتحان ہے جس کے ذریعے طلبہ کو داخلے اور میرٹ کی بنیاد پر وظائف کیلئے جانچا جاتا ہے۔ ادارے کا کہنا ہے کہ امتحان کا مقصد باصلاحیت اور پرعزم طلبہ کی نشاندہی کرکے انہیں تعلیمی ترقی کے مواقع فراہم کرنا ہے۔ ایم اے جی آئی ایس 2026/3 کے ذریعے کوئٹہ ریجن کے طلبہ کو بھی یہ موقع فراہم کیا گیا ہے۔
پاک ترک معارف انٹرنیشنل سکولز اینڈ کالجز میں آئی بی پی وائی پی، بی ٹیک، آئی جی سی ایس ای، اے لیول، ایس ایس سی، ایچ ایس ایس سی اور ترک زبان کی تعلیم سمیت مختلف تعلیمی پروگرامز پیش کئے جاتے ہیں۔دلچسپی رکھنے والے طلبہ اور والدین 25 اکتوبر کی آخری تاریخ سے قبل سرکاری ایم اے جی آئی ایس امتحانی نظام کے ذریعے درخواستیں جمع کرا سکتے ہیں۔







