ایبٹ آباد میں الشفاء آئی ٹرسٹ کی جانب سے کیمپ کے تیسرے روز بھی مفت آنکھوں کے علاج کا سلسلہ جاری ہے جہاں مریضوں کو او پی ڈی، آنکھوں کے معائنہ، عینک، ادویات اور ضرورت کے مطابق آپریشن کی سہولت فراہم کی جا رہی ہے۔
الشفاء آئی کیمپ میں ہزاروں مریضوں کو مفت طبی سہولیات کی فراہمی کا سلسلہ تیسرے روز بھی جاری رہا

مزید خبریں
ایبٹ آباد۔ 10 ستمبر (اے پی پی):ایبٹ آباد میں الشفاء آئی ٹرسٹ کی جانب سے کیمپ کے تیسرے روز بھی مفت آنکھوں کے علاج کا سلسلہ جاری ہے جہاں مریضوں کو او پی ڈی، آنکھوں کے معائنہ، عینک، ادویات اور ضرورت کے مطابق آپریشن کی سہولت فراہم کی جا رہی ہے۔
کیمپ ذرائع کے مطابق کیمپ کے دوران اب تک بڑی تعداد میں مریضوں کا معائنہ کیا جا چکا ہے جبکہ متعدد مریضوں کے کامیاب آپریشن بھی کئے گئے ہیں۔ جنرل منیجر الشفاء آئی ٹرسٹ ہسپتال ڈاکٹر نجم اور ڈاکٹر فیاض احمد نے مریضوں سے اپیل کی ہے کہ ایبٹ آباد اور گردونواح کے علاوہ مانسہرہ سمیت دیگر علاقوں سے آنے والے مستحق مریض بھی کیمپ سے استفادہ کر رہے ہی، مریض کا باقاعدہ معائنہ کیا جاتا ہے جس مریض کو عینک، ادویات یا آپریشن کی ضرورت ہوتی گی اسے ضرورت کے مطابق سہولت فراہم کی جائے گی۔
کیمپ کے آخری روز جو مریض آنکھوں کے مسائل کا شکار ہیں وہ بروقت کیمپ پہنچ کر اپنی باری کا انتظار کریں، مریضوں سے اپیل کی گئی ہے کہ لائن نہ توڑیں اور ڈاکٹرز و طبی عملہ کو اپنا کام کرنے دیں تاکہ زیادہ سے زیادہ مریضوں کا باقاعدہ اور اطمینان بخش معائنہ ممکن بنایا جا سکے۔ جنرل منیجر الشفاء آئی ٹرسٹ ہسپتال ڈاکٹر نجم کے مطابق ادارہ کا مقصد پاکستان میں قابلِ علاج نابینائی کے خاتمہ میں اپنا کردار ادا کرنا ہے، اسی مقصد کے تحت ملک کے مختلف علاقوں میں موبائل آپریشن پروگرامز اور مفت طبی کیمپ منعقد کئے جاتے ہیں جہاں مستحق اور کم آمدنی والے افراد کو آنکھوں کے علاج کی سہولیات ان کی دہلیز تک پہنچانے کی کوشش کی جاتی ہے۔
کیمپ میں جدید طریقہ علاج کے تحت آنکھوں کے مختلف آپریشنز، بشمول فیکو سرجری کے ساتھ ساتھ کنسلٹیشن، عینک اور ادویات کی سہولت بھی مفت فراہم کی جا رہی ہے، الشفاء ٹیم نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ اگر آپ یا آپ کے کسی عزیز کو آنکھوں کا مسئلہ درپیش ہے اور وہ علاج کے متحمل نہیں تو اس مفت کیمپ سے ضرور استفادہ کریں، مریضوں سے گذارش کی گئی ہے کہ کیمپ کے آخری روز اپنی باری اور عملہ کی ہدایات کا خیال رکھتے ہوئے زیادہ سے زیادہ لوگوں تک اس سہولت کی اطلاع پہنچائیں تاکہ کوئی مستحق مریض مفت علاج کی اس سہولت سے محروم نہ رہ جائے۔ فری آئی کیمپ پرانے شیل پمپ والی جگہ نزد جھنگی سٹاپ پر منعقد کیا گیا ہے۔








