میجر عزیز بھٹی شہید کی 61ویں برسی پر چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی کا خراجِ عقیدت

میجر عزیز بھٹی شہید کی 61ویں برسی پر چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی کا خراجِ عقیدت

اسلام آباد۔12ستمبر (اے پی پی):چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی نے 1965ء کی جنگ کے عظیم ہیرو میجر عزیز بھٹی شہید کی 61ویں برسی کے موقع پر انہیں بھرپور خراجِ عقیدت پیش کیا ہے۔سینیٹ سیکرٹر یٹ سے جاری بیان میں چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ میجر عزیز بھٹی شہید نے 1965ء کی جنگ کے دوران برکی سیکٹر میں دشمن کے خلاف بے مثال جرأت، شجاعت اور ثابت قدمی کا مظاہرہ کیا۔ وہ پانچ روز تک دشمن کے سامنے سیسہ پلائی دیوار بنے رہے اور دفاعِ وطن کی ذمہ داری انتہائی بہادری سے نبھاتے ہوئے 12 ستمبر 1965ء کو جامِ شہادت نوش کر گئے۔

انہوں نے کہا کہ میجر عزیز بھٹی شہید کی عظیم قربانی وطن سے وفاداری، فرض شناسی اور حب الوطنی کی لازوال مثال ہے۔ ان کی شجاعت اور ایثار قومی تاریخ کا قابلِ فخر باب اور نوجوان نسل کے لیے مشعلِ راہ ہے۔سید یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ پاک فوج کے بہادر سپوتوں نے ہمیشہ دفاعِ وطن کے لیے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا ہے۔

ملکی سلامتی اور خودمختاری کے تحفظ کا غیر متزلزل عزم ہمارے قومی کردار کا حصہ ہے، جبکہ شہداء کی قربانیاں قوم کے لیے قیمتی اثاثہ ہیں۔چیئرمین سینیٹ نے میجر عزیز بھٹی شہید کی عظیم قربانی کو سلام پیش کرتے ہوئے کہا کہ قوم اپنے بہادر شہداء کی لازوال قربانیوں کو ہمیشہ یاد رکھے گی۔ انہوں نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ میجر عزیز بھٹی شہید کے درجات مزید بلند فرمائے اور ان کے اہلِ خانہ کو صبرِ جمیل عطا فرمائے۔