موٹرسائیکل سواروں کے لیے سائیڈ ویو مررز لازم، آگاہی مہم جاری

موٹرسائیکل سواروں کے لیے سائیڈ ویو مررز لازم، آگاہی مہم جاری

لاہور۔12ستمبر (اے پی پی):لاہور ٹریفک پولیس نے محفوظ سفر اور منظم ٹریفک کلچر کے فروغ کے لیے موٹرسائیکل سواروں کو سائیڈ ویو مررز کے لازمی استعمال سے متعلق خصوصی آگاہی مہم شروع کر دی۔ سی ٹی او لاہور نے تمام سرکل افسران کو موٹرسائیکل سواروں کو بریفنگ اور ٹریفک قوانین سے متعلق آگاہی دینے کی ہدایت کی ہے۔انہوں نے کہا کہ لاہور میں82 لاکھ رجسٹرڈ وہیکلز میں61 لاکھ سے زائد موٹرسائیکلیں شامل ہیں، جبکہ ایکسیڈنٹ رپورٹ کے مطابق70 فیصد جانی حادثات میں بلاواسطہ یا بالواسطہ موٹرسائیکل سواروں کی جان گئی۔

انہوں نے کہا کہ موٹرسائیکل سواروں کو محفوظ بنانے کے لیے سخت اور ناگزیر اقدامات اٹھائے جائیں گے۔ لین تبدیل کرتے وقت سائیڈ ویو مررز پیچھے سے آنے والی ٹریفک پر نظر رکھنے میں اہم کردار ادا کرتے ہیں، اس لیے ہیلمٹ، لین ڈسپلن اور سائیڈ ویو مررز کو یکساں اہمیت دی جا رہی ہے۔ سی ٹی او لاہور نے موٹر سائیکل مینوفیکچررز کمپنیوں سے ملاقات میں ڈیٹیچ ایبل سائیڈ ویو مررز متعارف کرانے کی تجویز بھی پیش کی۔ ان مررز کے ٹوٹنے کی صورت میں مکمل راڈ تبدیل کرنے کے بجائے صرف شیشہ تبدیل کیا جا سکے گا، جس سے شہریوں کو آسان اور کم لاگت متبادل کی سہولت ملے گی۔سی ٹی او لاہور کا کہنا ہے کہ ٹریفک قوانین پر عملدرآمد ہی شہریوں کی جان و مال کے تحفظ کی ضمانت ہے۔