وفاقی وزیر داخلہ کا میجر راجہ عزیز بھٹی شہید نشان حیدر کو یوم شہادت پر خراج عقیدت
وفاقی وزیر داخلہ کا میجر راجہ عزیز بھٹی شہید نشان حیدر کو یوم شہادت پر خراج عقیدت

مزید خبریں
اسلام آباد۔12ستمبر (اے پی پی):وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے میجر راجہ عزیز بھٹی شہید نشان حیدر کو یوم شہادت پر خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ شجاعت کی لازوال مثال میجر راجہ عزیز بھٹی شہید نے اپنے لہو سے دلیری کی عظیم داستان رقم کی۔ وزارت داخلہ کی جانب سے جاری بیان میں محسن نقوی نے کہا کہ میجر عزیز بھٹی شہید جرات، بسالت اور حب الوطنی کا روشن باب ہیں، میجر عزیز بھٹی شہید نے بی آر بی نہر پر دشمن کی پیش قدمی روک کر اس کا غرور خاک میں ملا دیا۔
وزیر داخلہ نے کہا کہ1965 کی جنگ میں میجر عزیز بھٹی شہید نے اپنی جان کا نذرانہ دے کر لاہور کا دفاع ناقابل تسخیر بنایا۔ محسن نقوی نے کہا کہ میجر راجہ عزیز بھٹی شہید جیسے بہادر سپوت قوم کا فخر اور سر کا تاج ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ارض پاک کی حرمت پر جان نثار کرنے والے شہدائے وطن کی قربانیاں تاریخ کا سنہری باب ہیں۔
محسن نقوی نے کہا کہ عددی اعتبار سے بڑے دشمن کے سامنے میجر عزیز بھٹی شہید کی مردانہ وار جرات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔ وزیر داخلہ نے کہا کہ شہدائے وطن کا مقدس لہو ہی ملک کی سلامتی، بقا اور خودداری کی اصل ضمانت ہے۔ میجر راجہ عزیز بھٹی شہید کی لازوال قربانی قوم کے دلوں میں ہمیشہ زندہ رہے گی۔








