شہر میں جاری ترقیاتی و تزئین و آرائش کے منصوبوں کو مقررہ مدت اور معیار کے مطابق مکمل کیا جائے، کمشنر سرگودھا

شہر میں جاری ترقیاتی و تزئین و آرائش کے منصوبوں کو مقررہ مدت اور معیار کے مطابق مکمل کیا جائے، کمشنر سرگودھا

سرگودھا۔ 13 ستمبر (اے پی پی):کمشنر سرگودھا ڈویژن حافظ شوکت علی نے تجاوزات کے خاتمے اور مختلف محکموں کی کارکردگی کا جائزہ لینے کے لیے کمشنر آفس میں اجلاس کا انعقاد کیا۔ اجلاس میں ایم ڈی پی ایچ اے،ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر سوشل سروسز،ایکسین بلڈنگ،چیف آفیسر میونسپل کارپوریشن اوردیگر متعلقہ افسران نے شرکت کی۔اجلاس میں شہر کی خوب صورتی،پارکس گرین بیلٹس کی دیکھ بھال، صفائی ستھرائی، تعمیراتی امور،تجاوزات اور دیگرشہری مسائل کے حوالے سے متعلقہ محکموں کی کارکردگی کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔

کمشنر حافظ شوکت علی نے ہدایت کی کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے صاف، سرسبز اور خوبصورت پنجاب کے وژن کے مطابق شہریوں کو بہترین سہولیات کی فراہمی یقینی بنائی جائے۔ شہر کے اہم بازاروں، شاہراہوں، چوکوں اور عوامی مقامات سے تجاوزات کے خاتمے کے لیے مؤثر اور بلاامتیاز کارروائی کی جائے اور دوبارہ تجاوزات قائم نہ ہونےکےلیے مستقل مانیٹرنگ کا نظام وضع کیا جائے۔

انہوں نے ہدایت کی کہ شہری مسائل کے حل کے لیے تمام متعلقہ محکمے باہمی رابطےکیساتھ فیلڈمیں متحرک رہیں،عوامی شکایات کا بروقت ازالہ کیا جائے اور صفائی، گرین بیلٹس، پارکس اور شہر کی خوبصورتی کے امور پر خصوصی توجہ دی جائے۔کمشنر نے مزید کہا کہ جاری ترقیاتی و تزئین و آرائش کے منصوبوں کو مقررہ مدت اور معیار کے مطابق مکمل کیا جائے جبکہ متعلقہ افسران فیلڈ میں باقاعدگی سے مانیٹرنگ کرتے ہوئے ہدایات پر عملدرآمد یقینی بنائیں۔