وزیراعظم یوتھ پروگرام،یو این ویمن پاکستان کے درمیان خواتین کو بااختیار بنانے کے لئے مفاہمتی یادداشت پر دستخط

وزیراعظم یوتھ پروگرام،یو این ویمن پاکستان کے درمیان خواتین کو بااختیار بنانے کے لئے مفاہمتی یادداشت پر دستخط

اسلام آباد۔13ستمبر (اے پی پی):وزیراعظم یوتھ پروگرام کے چیئرمین رانا مشہود احمد خان  کی زیرِ صدارت منعقدہ اجلاس کے دوران وزیراعظم یوتھ پروگرام ( پی ایم وائی پی ) اور یو این ویمن پاکستان کے درمیان مفاہمت کی یادداشت (ایم او یو) پر دستخط کیے گئے۔پی ایم وائی پی کے اعلامیہ کے مطابق مفاہمت کی یادداشت کا مقصد پاکستان میں نوجوان خواتین کو بااختیار بنانے، ان کی قیادت کو فروغ دینے اور انہیں معاشرتی، اقتصادی اور عوامی زندگی میں موثر اور بامعنی کردار ادا کرنے کے مزید مواقع فراہم کرنا ہے۔

اجلاس میں چیئرمین وزیراعظم یوتھ پروگرام رانا مشہود احمد خان، جوائنٹ سیکرٹری وزیراعظم یوتھ پروگرام ڈاکٹر محمد علی ملک، یو این ویمن پاکستان کے کنٹری نمائندہ جمشید کازی اور ڈپٹی کنٹری نمائندہ فہمیدہ اقبال خان سمیت دونوں اداروں کے اعلیٰ حکام اور نمائندگان نے شرکت کی۔مفاہمت کی یادداشت کے تحت نوجوان خواتین کی قیادت، نوجوانوں کو بااختیار بنانے اور صنفی مساوات کے فروغ کے لیے تعاون، تجربات اور معلومات کا تبادلہ کیا جائے گا۔اس شراکت داری کے ذریعے نوجوانوں کی ترقی، قیادت، روزگار، کاروبار اور شہری شمولیت کے لیے ایسے اقدامات کو فروغ دیا جائے گا جن میں صنفی مساوات کو مدنظر رکھا جائے۔

دونوں ادارے نوجوان خواتین کے لیے رہنمائی، نیٹ ورکنگ، قیادت کی تربیت اور پیشہ ورانہ مواقع پیدا کرنے کے لیے بھی تعاون کریں گے۔اس کے علاوہ نوجوانوں بالخصوص نوجوان خواتین اور لڑکیوں کی محفوظ، ذمہ دار اور جامع ڈیجیٹل شمولیت کو فروغ دینے کے لیے ڈیجیٹل خواندگی، ذمہ دارانہ آن لائن رویوں اور ڈیجیٹل شہریت سے متعلق اقدامات کی حمایت کی جائے گی۔

یہ شراکت داری یو این ویمن اور وزیراعظم یوتھ پروگرام کے اس مشترکہ عزم کا اظہار ہے کہ نوجوان خواتین کو اپنی صلاحیتیں بروئے کار لانے، قیادت کا کردار ادا کرنے اور پاکستان کی معاشی، سماجی، شہری اور عوامی زندگی میں موثر طور پر حصہ لینے کے لیے سازگار ماحول اور بہتر مواقع فراہم کیے جائیں۔