خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل کی موثر سہولت کاری سے چینی کمپنی کا دیرینہ معاملہ حل

خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل کی موثر سہولت کاری سے چینی کمپنی کا دیرینہ معاملہ حل

اسلام آباد۔13ستمبر (اے پی پی):خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل (ایس آئی ایف سی) کی موثر سہولت کاری سے چینی کمپنی کا دیرینہ معاملہ کامیابی سے حل ہو گیا، ایس آئی ایف سی کے تعاون سے 135 میگاواٹ تونسہ ہائیڈرو پاور منصوبے کی فیزیبلٹی سٹڈی کے اخراجات کی ادائیگی کا دیرینہ معاملہ حل کر دیا گیا۔

چائنا تھری گورجز سائوتھ ایشیا انویسٹمنٹ لمیٹڈ کے اسسٹنٹ سی ای او لیو یونگ گانگ نے معاملے کے حل میں ایس آئی ایف سی کے تعاون کو سراہا۔تونسہ ہائیڈرو پاور منصوبے کا آغاز 2011 میں 120 میگاواٹ کی استعداد کے ساتھ کیا گیا، بعد ازں اسے 135 میگاواٹ منصوبے کے طور پر آگے بڑھایا گیا۔

چینی کمپنی نے منصوبے کی فیزیبلٹی سٹڈی مکمل کی، تاہم فیزیبلٹی کے اخراجات کی ادائیگی کا معاملہ طویل عرصے تک زیرِ التوا رہا۔منصوبہ کے اسسٹنٹ سی ای او نے کہا ہے کہ ایس آئی ایف سی کی بروقت کاوشوں اور وفاقی و صوبائی اداروں کے درمیان موثر رابطہ کاری سے معاملے کو کامیابی سے حل کیا گیا،معاملے کے حل سے پنجاب میں 135 میگاواٹ تونسہ ہائیڈرو پاور منصوبے پر مزید پیش رفت کی راہ ہموار ہو گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایس آئی ایف سی کی بروقت معاونت اور موثر رابطہ کاری سے سرمایہ کاروں کے اعتماد میں اضافہ ہوا۔

انہوں نے کہا کہ ایس آئی ایف سی کے اقدامات سے طویل عرصے سے زیرِ التوا جائز معاہداتی معاملات کے حل اور پاک چین اقتصادی شراکت داری کو تقویت ملی ہے۔ایس آئی ایف سی کی موثر سہولت کاری سے پاکستان میں عالمی سرمایہ کاروں کا اعتماد اور کاروباری ماحول مزید مستحکم ہو رہا ہے۔