آڈری ویرو نے ورلڈ ایتھلیٹکس الٹیمیٹ چیمپئن شپ میں 800 میٹر کا ٹائٹل جیت لیا
آڈری ویرو نے ورلڈ ایتھلیٹکس الٹیمیٹ چیمپئن شپ میں 800 میٹر کا ٹائٹل جیت لیا

مزید خبریں
بڈاپسٹ۔13ستمبر (اے پی پی):سوئٹزرلینڈ کی ایتھلیٹ آڈری ویرو نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ورلڈ ایتھلیٹکس الٹیمیٹ چیمپئن شپ میں خواتین کی 800 میٹر ریس میں پہلی پوزیشن حاصل کر لی ہے۔بی بی سی کے مطابق ورلڈ ایتھلیٹکس الٹیمیٹ چیمپئن شپ میں خواتین کی 800 میٹر ریس میں سوئٹزرلینڈ کی 22 سالہ ایتھلیٹ آڈری ویرو نے مطلوبہ فاصلہ 1 منٹ 55.88 سیکنڈ میں طے کر کےپہلی پوزیشن حاصل کی۔انگلینڈ کی ایتھلیٹ کیلی ہوڈکنسن نے ہیمسٹرنگ انجری کے باوجود ورلڈ ایتھلیٹکس الٹیمیٹ چیمپئن شپ میں 800 میٹر دوڑ میں دوسری پوزیشن حاصل کی ۔
کیلی ہوڈکنسن نے مطلوبہ فاصلہ 1 منٹ 56.26 سیکنڈ میں طے کیااور آخری مرحلے میں فیمکے بروڈرز بول کو پیچھے چھوڑ کر دوسری پوزیشن حاصل کی۔ 24 سالہ برطانوی ایتھلیٹ نے بتایا کہ وہ یورپی چیمپئن شپ کے فائنل میں ایک ماہ سے بھی کم عرصہ قبل ہیمسٹرنگ انجری کا شکار ہوگئی تھیں اور آخری وقت تک ان کی شرکت یقینی نہیں تھی۔ سوئس ایتھلیٹ آڈری وِیرو نے رواں سیزن میں ہوڈکنسن کے خلاف اپنی برتری برقرار رکھتے ہوئے ایک اور بڑی کامیابی حاصل کی۔
آڈری وِیرو نے اس موسم گرما میں 800 میٹر میں 1 منٹ 54 سیکنڈ سے کم وقت 3 مرتبہ حاصل کیا اور 1983 میں قائم عالمی ریکارڈ 1 منٹ 53.28 سیکنڈ کے قریب پہنچ چکی ہیں۔ کیلی ہوڈکنسن نے کہا کہ وہ اپنی کارکردگی پر فخر کرتی ہیں اور آڈری وِیرو کے ساتھ بڑھتی ہوئی مسابقت کو کھیل اور خواتین کے کھیل کے لیے مثبت قرار دیا۔ دوسری پوزیشن حاصل کرنے پر کیلی ہوڈکنسن نے 75 ہزار ڈالر کی انعامی رقم بھی حاصل کی۔







