ایچ ای سی، آئی سی سی آئی کے راؤنڈ ٹیبل میں اکیڈمیا، صنعت روابط اور ٹیکنالوجی کمرشلائزیشن پر توجہ

ہائر ایجوکیشن کمیشن (ایچ ای سی) پاکستان اور اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری (آئی سی سی آئی) کے زیر اہتمام اکیڈمیا اور صنعت کے درمیان روابط مضبوط بنانے اور ٹیکنالوجی کمرشلائزیشن کےفروغ کے حوالے سے راؤنڈ ٹیبل ڈسکشن کا انعقاد کیا گیا

اسلام آباد۔13ستمبر (اے پی پی):ہائر ایجوکیشن کمیشن (ایچ ای سی) پاکستان اور اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری (آئی سی سی آئی) کے زیر اہتمام اکیڈمیا اور صنعت کے درمیان روابط مضبوط بنانے اور ٹیکنالوجی کمرشلائزیشن کےفروغ کے حوالے سے راؤنڈ ٹیبل ڈسکشن کا انعقاد کیا گیا۔آئی سی سی آئی میں منعقدہ اجلاس کی صدارت آئی سی سی آئی کے صدر سردار طاہر محمود نے کی جبکہ ایچ ای سی کی ریسرچ اینڈ انوویشن ڈویژن کے ممبر ڈاکٹر سید حبیب بخاری نے ایچ ای سی ٹیم کی قیادت کی۔اجلاس میں اکیڈمیا، بالخصوص دفاتر برائے تحقیق، جدت اور کمرشلائزیشن (او آر آئی سیز) کے حکام اور صنعتی شعبے کے نمائندوں نے شرکت کی۔شرکاء نے ایچ ای سی کے جوائنٹ ریسرچ فریم ورک اور ماڈل معاہدوں کے مسودے پر غور کیاجس میں یونیورسٹی اور صنعت کے درمیان تعاون، طلب پر مبنی تحقیق،ٹیکنالوجی کی منتقلی، دانشورانہ ملکیت اورکمرشلائزیشن پر توجہ مرکوز کی گئی۔ اسٹیک ہولڈرز سے فریم ورک کو مزید بہتر بنانے کے لیے تجاویز اور آراء بھی طلب کی گئیں۔اجلاس میں اس امر پر زور دیا گیا کہ اکیڈمیا اور صنعت کے درمیان مضبوط روابط جدت کے فروغ، روزگار کے قابل افرادی قوت کی تیاری اور پائیدار معاشی ترقی کے لیے ناگزیر ہیں۔دونوں جانب سے مشترکہ مقاصد کےحصول کے لیے باہمی رابطے اور مذاکرات کا سلسلہ جاری رکھنے پر اتفاق کیا گیا۔ راؤنڈ ٹیبل کا اختتام تعاون کو مزید مضبوط بنانے اور تحقیق، جدت اورٹیکنالوجی کمرشلائزیشن کے مؤثر ماحولیاتی نظام کے فروغ کے لیے سفارشات پر ہوا۔