ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفس اسلام آباد نے ڈینگی کی روک تھام کیلئے نشاندہی شدہ ہاٹ سپاٹس اور زیادہ خطرے والے علاقوں میں نگرانی اور کنٹرول کی سرگرمیاں مزید تیز کردیں

ڈینگی کی روک تھام اور ممکنہ پھیلاؤ پر قابو پانے کیلئے ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفس اسلام آباد نے دارالحکومت کے نشاندہی شدہ ہاٹ سپاٹس اور زیادہ خطرے والے علاقوں میں نگرانی اور کنٹرول کی سرگرمیاں مزید تیز کر دی ہیں

اسلام آباد۔14ستمبر (اے پی پی):ڈینگی کی روک تھام اور ممکنہ پھیلاؤ پر قابو پانے کیلئے ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفس اسلام آباد نے دارالحکومت کے نشاندہی شدہ ہاٹ سپاٹس اور زیادہ خطرے والے علاقوں میں نگرانی اور کنٹرول کی سرگرمیاں مزید تیز کر دی ہیں۔ ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفس کے حکام کے مطابق یکم جنوری سے 13 ستمبر 2026 تک اسلام آباد میں ڈینگی کے 6 کیسز رپورٹ ہوئے جن میں 3 کیسز دیہی اور 3 شہری علاقوں سے سامنے آئے۔ ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفس کے مطابق 7 سے 13 ستمبر 2026 کے دوران انسدادِ ڈینگی ٹیموں نے نگرانی اور کنٹرول کی مجموعی طور پر 289,197 سرگرمیاں انجام دیں۔ ان سرگرمیوں میں گھروں کے اندر اور باہر ویکٹر سرویلنس، ہاٹ سپاٹس کے دورے، مچھروں کے لاروا کی افزائش کے ذرائع کی نگرانی اور عوامی آگاہی مہمات شامل تھیں۔فیلڈ آپریشنز کے دوران ٹیموں نے مچھروں کے لاروا کی افزائش گاہوں پر مشتمل 9,427 مثبت مقامات کی نشاندہی کرکے انہیں کامیابی سے ختم کیا۔ انسدادِ ڈینگی ٹیموں نے 7,057 ہاٹ سپاٹس کا دورہ کیا جبکہ گھروں کے اندر ویکٹر سرویلنس کے تحت 58,859 گھروں کا معائنہ بھی کیا گیا۔ ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفس کے مطابق ڈینگی کے پھیلاؤ کو قابو میں رکھنے کیلئے مسلسل فیلڈ سرویلنس جاری ہے اور مچھروں کی افزائش گاہوں کی بروقت نشاندہی اور خاتمہ، ہاٹ سپاٹس کی نگرانی اور عوامی تعاون انتہائی اہم ہے۔ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفس نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ انسدادِ ڈینگی ٹیموں کے ساتھ بھرپور تعاون کریں اور اپنے گھروں، پانی کے برتنوں، چھتوں، صحن اور مچھروں کی افزائش کا باعث بننے والی دیگر ممکنہ جگہوں کو صاف ستھرا رکھیں۔عوام سے کہا گیا ہے کہ کسی بھی جگہ پانی کھڑا نہ ہونے دیں تاکہ مچھروں کی افزائش کو روکا جاسکے۔ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفس اسلام آباد نے اس عزم کا اظہار کیا ہے کہ شہریوں کو ڈینگی سے محفوظ رکھنے کیلئے سخت نگرانی برقرار رکھنے اور بروقت احتیاطی و انسدادی اقدامات کا سلسلہ جاری رکھا جائے گا۔