ریڈیو پاکستان سرگودھا میں ماں کے دودھ، بچوں کی صحت اور ابتدائی غذائی ضروریات کے حوالے سے آگاہی نشست

ریڈیو پاکستان سرگودھا کے معروف معلوماتی پروگرام ’’شاہین سرگودھا‘‘ میں بچوں کی صحت، ماں کے دودھ اور نومولود بچوں کی ابتدائی غذائی ضروریات کے حوالے سے خصوصی آگاہی نشست کا اہتمام کیا گیا، جس میں ماہرِ بچگان اور چیف ایگزیکٹو آفیسرالحرم ہسپتال سرگودھا ڈاکٹر محمد عثمان مظہر ملک نےشرکت کی

سرگودھا۔ 14 ستمبر (اے پی پی):ریڈیو پاکستان سرگودھا کے معروف معلوماتی پروگرام ’’شاہین سرگودھا‘‘ میں بچوں کی صحت، ماں کے دودھ اور نومولود بچوں کی ابتدائی غذائی ضروریات کے حوالے سے خصوصی آگاہی نشست کا اہتمام کیا گیا، جس میں ماہرِ بچگان اور چیف ایگزیکٹو آفیسرالحرم ہسپتال سرگودھا ڈاکٹر محمد عثمان مظہر ملک نےشرکت کی۔ پروگرام کی میزبانی سینئر اینکر پرسن سبطین بلوچ اور سینئر اینکر پرسن انعام خان نے کی۔ پروگرام کا مرکزی موضوع’’ماں کا دودھ اور بچوں کی صحت‘‘ تھا ۔ پروگرام میں ڈاکٹر محمد عثمان مظہر ملک نے والدین کو بچوں کی ابتدائی صحت اور غذائی ضروریات کے حوالے سے اہم معلومات فراہم کیں۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ ماں کا دودھ نومولود بچے کے لیے قدرتی اور بہترین غذا ہے اور ابتدائی عمر میں بچے کو ماں کا دودھ پلانا ضروری ہے۔ گفتگو کے دوران عالمی ادارہ صحت (WHO) کی سفارشات اور ماں کے دودھ کے حوالے سے عالمی سطح پر اختیار کی جانے والی پالیسیوں کا بھی ذکر کیا گیا۔ والدین کو غیر ضروری طور پر فارمولا یا ڈبے کا دودھ شروع کرنے کی بجائے بچےکو ماں کا دودھ پلانے کی اہمیت سے آگاہ کیا گیا۔ ڈاکٹر محمد عثمان مظہر ملک نے بچوں کی صحت، ابتدائی غذائیت، جسمانی نشوونما اور بیماریوں سے تحفظ کےحوالےسے بھی گفتگو کی۔ انہوں نے والدین کو مشورہ دیا کہ بچوں کی صحت سے متعلق کسی بھی مسئلے کی صورت میں مستند طبی ماہر سے رجوع کیا جائے اور بچوں کی غذائی ضروریات کے بارے میں غیر مستند معلومات یا مشوروں پر انحصار نہ کیا جائے۔ انہوں نے والدین کو خصوصی پیغام دیتے ہوئے کہا کہ بچوں کی صحت کے حوالے سے ہمیشہ مستند طبی مشورہ حاصل کریں، بالخصوص اگر بچے کی پیدائش کسی ہسپتال یا طبی مرکز میں کروائی جا رہی ہو تو پہلے یہ ضرور چیک کر لیا جائے کہ وہاں نومولود بچوں کے لیے مناسب نرسری موجود ہے یا نہیں، جہاں ضرورت پڑنے پر بچوں کو ابتدائی طبی نگرانی، کنٹرول درجہ حرارت اور دیگر ضروری سہولیات کے ساتھ محفوظ رکھا جا سکے۔ پروگرام کے دوران سامعین نے بچوں کی صحت، ماں کے دودھ اور ابتدائی غذائی ضروریات کے حوالے سے سوالات کیے۔ ماہرِ بچگان نے انہیں بچوں کی صحت کے حوالے سے ضروری احتیاطی تدابیر اور مفید معلومات فراہم کیں۔ سامعین نے ریڈیو پاکستان سرگودھا کی جانب سے صحت سے متعلق اہم اور عوامی مفاد کے موضوعات کو ریڈیو پروگرامز کا حصہ بنانے کے اقدام کو سراہا۔ ڈاکٹر محمد عثمان مظہر ملک نے پروگرام میں شرکت کا موقع فراہم کرنے پر میزبان کا خصوصی شکریہ ادا کیا اور ریڈیو پاکستان سرگودھا کی جانب سے عوامی آگاہی کے لیے کی جانے والی کاوشوں کو سراہا۔

مزید خبریں