گورنر بلوچستان کا اسلامیہ گرلز کالج میں منعقدہ تقریب سے خطاب

گورنر بلوچستان جعفرخان مندوخیل نے کہا ہے کہ میری ترجیح اور دلچسپی تعلیم ہے، میں بہت جلد اسلامیہ یونیورسٹی کا سنگِ بنیاد رکھنے کیلئے یہاں دوبارہ آؤں گا، اسی عزم سے پیوستہ ہوکر اسلامیہ یونیورسٹی کے قیام کیلئے ایک کروڑ روپے بطور سیڈ منی دینے کا اعلان کرتا ہوں

کوئٹہ۔ 14 ستمبر (اے پی پی):گورنر بلوچستان جعفرخان مندوخیل نے کہا ہے کہ میری ترجیح اور دلچسپی تعلیم ہے، میں بہت جلد اسلامیہ یونیورسٹی کا سنگِ بنیاد رکھنے کیلئے یہاں دوبارہ آؤں گا، اسی عزم سے پیوستہ ہوکر اسلامیہ یونیورسٹی کے قیام کیلئے ایک کروڑ روپے بطور سیڈ منی دینے کا اعلان کرتا ہوں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پیر کو اسلامیہ گرلز کالج میں انجمن اسلامیہ بلوچستان کے زیر اہتمام منعقدہ تقریب کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر صوبائی وزیر میرعاصم کرد گیلو، سردار یحیٰی خان ناصر، پرنسپل اسلامیہ گرلز کالج پروفیسر شائستہ کاکڑ، محمد نعیم احمد خان کے علاؤہ اساتذہ اور طلباء کی ایک بڑی تعداد موجود تھی۔ شرکاء سے خطاب میں انہوں نے کہا کہ یہ محض وقتی مالی معاونت نہیں ہے بلکہ ہماری نئی نسل کے روشن مستقبل کی خاطر تعلیم کے ذریعے معاشرے کو تبدیل کرنے کے عزم کا اظہار ہے۔ اسکے علاوہ میں بلوچستان بورڈ آف انٹرمیڈیٹ اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن کے ایف ایس سی کے امتحانات میں اسلامیہ کالج کی پہلی، دوسری اور تیسری پوزیشن حاصل کرنے والی طالبات کیلئے ایک ایک لاکھ روپے نقد انعام کا بھی اعلان کرتا ہوں۔ گورنر بلوچستان جعفرخان مندوخیل نے کہا کہ انجمن اسلامیہ کی زیرنگرانی یہ ایک موقر تعلیمی ادارہ ہونے کے ساتھ ساتھ ایک شاندار طویل تاریخ رکھتا ہے۔ اسلامیہ بوائز اینڈ گرلز اسکولز اینڈ کالجز سے ہزاروں لوگ فارغ التحصیل ہوئے ہیں جو زندگی کی مختلف شعبوں میں اپنی خدمات سر انجام دے رہے ہیں۔ تقریب کے آخر میں گورنر بلوچستان جعفرخان مندوخیل نے منتظمین اور پوزیشن ہولڈرز میں انعامات اور یادگاری شیلڈز تقسیم کیں۔

مزید خبریں