محکمہ لائیو اسٹاک و ڈیری ڈویلپمنٹ بلوچستان اور یو ایم انٹرپرائزز کے درمیان ویٹرنری سائنسز میں تحقیق کے فروغ اور صوبائی تحقیقی نظام کو مضبوط بنانے کے لیے مفاہمتی یادداشت پر دستخط کیے گئے
محکمہ لائیو اسٹاک بلوچستان اور یو ایم انٹرپرائزز کے درمیان تحقیقی تعاون کا معاہدہ

مزید خبریں
کوئٹہ۔ 14 ستمبر (اے پی پی):محکمہ لائیو اسٹاک و ڈیری ڈویلپمنٹ بلوچستان اور یو ایم انٹرپرائزز کے درمیان ویٹرنری سائنسز میں تحقیق کے فروغ اور صوبائی تحقیقی نظام کو مضبوط بنانے کے لیے مفاہمتی یادداشت پر دستخط کیے گئے۔مفاہمتی یادداشت پر محکمہ لائیو اسٹاک و ڈیری ڈویلپمنٹ بلوچستان کے ڈائریکٹر جنرل ڈاکٹر محمد فاروق ترین اور یو ایم انٹرپرائزز کے نمائندے نے دستخط کیے۔معاہدے کے تحت ایم ایس سی، ایم فل اور پی ایچ ڈی کے طلبہ و محققین کے لیے تحقیقی مواقع فراہم کیے جائیں گے، جبکہ انہیں جدید تکنیکی معاونت، سائنسی وسائل اور عملی لیبارٹری تجربے تک رسائی حاصل ہوگی۔محکمہ لائیو اسٹاک کے مطابق محققین کو کوئٹہ میں قائم ڈیزیز انویسٹی گیشن لیبارٹری (ڈی آئی ایل)میں جدید تشخیصی سہولیات اور عملی تربیت سے استفادہ کرنے کا موقع ملے گا۔اس موقع پر ڈاکٹر محمد فاروق ترین نے کہا کہ جانوروں کی صحت سے متعلق علاقائی مسائل کے حل کے لیے تعلیمی اداروں اور صنعت کے درمیان تعاون ناگزیر ہے۔ پوسٹ گریجویٹ محققین کو جدید تشخیصی آلات اور عملی میدان میں قابلِ استعمال تکنیکی معاونت فراہم کرنے سے لائیو اسٹاک مینجمنٹ کو جدید خطوط پر استوار کیا جاسکتا ہے۔انہوں نے کہا کہ اس شراکت داری کے ذریعے مقامی سطح پر ہونے والی تحقیق کو جانوروں کی بیماریوں کی موثر نگرانی، پیداوار میں بہتری اور بلوچستان کے مالداروں کے معاشی استحکام سے جوڑنے میں مدد ملے گی۔محکمہ لائیو اسٹاک کے مطابق یہ تعاون صوبے میں تحقیقی سرگرمیوں، مقامی افرادی قوت کی استعداد کار بڑھانے اور جانوروں کی صحت کے پائیدار انتظام کو فروغ دینے کی جانب اہم پیش رفت ہے۔








