وزیراعظم شہباز شریف سے لبنانی وزیر داخلہ و بلدیات احمد الحجار کی ملاقات، دونوں ممالک کے درمیان دیرینہ برادرانہ تعلقات کی اہمیت پر زور
وزیراعظم شہباز شریف سے لبنانی وزیر داخلہ و بلدیات احمد الحجار کی ملاقات، دونوں ممالک کے درمیان دیرینہ برادرانہ تعلقات کی اہمیت پر زور

مزید خبریں
اسلام آباد۔14ستمبر (اے پی پی):وزیراعظم محمد شہباز شریف سے لبنان کے وزیر داخلہ و بلدیات احمد الحجار نے پیر کو ملاقات کی، وزیراعظم نے لبنانی وزیر داخلہ کا خیرمقدم کرتے ہوئے دونوں ممالک کے درمیان دیرینہ برادرانہ تعلقات کی اہمیت پر زور دیا۔ وزیر اعظم آفس کے میڈیا ونگ کی طرف سے جاری بیان کے مطابق نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ محمد اسحاق ڈار، وزیر داخلہ سید محسن رضا نقوی، وزیر ہائوسنگ ریاض حسین پیرزادہ اور وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چوہدری بھی اس موقع پر موجود تھے۔
وزیراعظم نے لبنانی وزیر داخلہ کا خیرمقدم کرتے ہوئے دونوں ممالک کے درمیان دیرینہ برادرانہ تعلقات کی اہمیت پر زور دیا۔ انہوں نے لبنانی قیادت کے لیے نیک خواہشات کا بھی اظہار کیا۔ ملاقات میں پاکستان اور لبنان کے دوطرفہ تعلقات اور باہمی تعاون کا جائزہ لیا گیا۔ دونوں جانب سے داخلی امور اور سکیورٹی کے شعبوں میں بڑھتے ہوئے تعاون پر اطمینان کا اظہار کیا گیا۔ وزیراعظم نے لبنان کے خلاف اسرائیلی جارحیت کی شدید ترین الفاظ میں مذمت کی۔ انہوں نے اسرائیلی حملوں کے نتیجے میں قیمتی انسانی جانوں اور املاک کے نقصان پر گہری ہمدردی اور افسوس کا اظہار کیا۔وزیراعظم نے مشکل وقت میں پاکستانی حکومت اور عوام کی جانب سے لبنانی قیادت اور عوام کے ساتھ بھرپور یکجہتی کا اعادہ کیا۔
انہوں نے لبنان کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کے لیے پاکستان کی مستقل حمایت کا بھی یقین دلایا۔ لبنانی وزیر داخلہ نے وزیراعظم کی جانب سے پرتپاک استقبال پر شکریہ ادا کیا اور پاکستان کے ساتھ دوطرفہ تعاون کو مزید مضبوط بنانے کے لبنان کے عزم کا اعادہ کیا۔ بعد ازاں وزیراعظم نے پاکستان اور لبنان کے درمیان سزا یافتہ افراد کی منتقلی سے متعلق مفاہمتی یادداشت پر دستخط کی تقریب میں بھی شرکت کی۔ اس مفاہمتی یادداشت پر پاکستان اور لبنان کے متعلقہ وزرائے داخلہ نے دستخط کیے۔اس مفاہمتی یادداشت کے تحت سزا یافتہ شہریوں کو اپنی باقی ماندہ سزا اپنے ملک میں مکمل کرنے کے لیے قانونی طریقہ کار فراہم کیا گیا ہے۔








