سپیکر قومی اسمبلی کی یوگنڈا کے سپیکر سے ملاقات،موسمیاتی تبدیلی ، پارلیمانی شعبوں میں تعاون بڑھانے پر اتفاق

سپیکر قومی اسمبلی کی یوگنڈا کے سپیکر سے ملاقات،موسمیاتی تبدیلی ، پارلیمانی شعبوں میں تعاون بڑھانے پر اتفاق

اسلام آباد۔15ستمبر (اے پی پی):سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے یوگنڈا کے سپیکر جیکب مارکسنز اوبوتھ سے ملاقات کی جو جنوبی افریقہ کے شہر کیپ ٹاؤن میں جاری 69ویں دولتِ مشترکہ پارلیمانی کانفرنس کے موقع پر ہوئی۔ قومی اسمبلی سیکرٹریٹ کے مطابق سپیکر قومی اسمبلی نےیوگنڈا کے ساتھ پارلیمانی روابط مزید مضبوط بنانے پر زور دیا اور یوگنڈا کے ہم منصب کو پاکستان کے دورے کی دعوت دی ۔ سپیکر سردار ایاز صادق نے کہا کہ پاک یوگنڈا پارلیمانی فرینڈشپ گروپ پارلیمانی روابط کے فروغ میں اہم کردار ادا کر رہا ہے۔

پاکستان اور یوگنڈا کے درمیان اعلیٰ تعلیم، زراعت اور غذائی تحفظ میں تعاون پر گفتگو کی گئی۔ دونوں رہنمائوں نے موسمیاتی تبدیلی اور پارلیمانی شعبوں میں باہمی تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا۔ سپیکر ایاز صادق نے کہا کہ پاکستان تنازعات کے پُرامن حل کا حامی ہے، جنگ کسی مسئلے کا حل نہیں۔سپیکر قومی اسمبلی نےیوگنڈا کو (سی پی اے) خواتین ارکان پارلیمنٹ کانفرنس میں شرکت کی دعوت بھی دی۔

یوگنڈا کے سپیکر جیکب مارکسنز اوبوتھ نے سپیکر قومی اسمبلی کے یوگنڈا سے متعلق تاثرات کو سراہتے ہوئے کہا کہ یوگنڈا پاکستان کے ساتھ اپنے دوستانہ تعلقات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے،دونوں ممالک کی پارلیمانوں کےدرمیان رابطوں کے فروغ کی ضرورت ہے۔یوگنڈا کے سپیکر نے عالمی امن کے قیام کے لئے پاکستان کے کردار کو سراہا۔

مزید خبریں