پاکستان اور ترکیہ کے درمیان اعلیٰ تعلیم کے شعبے میں تعاون مزید مستحکم کرنے پر زور

پاکستان اور ترکیہ کے درمیان اعلیٰ تعلیم کے شعبے میں تعاون مزید مستحکم کرنے پر زور

اسلام آباد۔15ستمبر (اے پی پی):بین الاقوامی اسلامی یونیورسٹی اسلام آباد کے قائم مقام ریکٹر و صدر پروفیسر ڈاکٹر احمد سعد الاحمد نے پاکستان اور ترکیہ کی جامعات کے درمیان اعلیٰ تعلیم، تحقیق اور ادارہ جاتی تعاون کو مزید فروغ دینے کے عزم کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے یہ بات اسلام آباد کے ایک مقامی ہوٹل میں پاکستان کی ممتاز جامعات اور ترکیہ کی اعلیٰ تعلیمی کونسل کے وفد کے درمیان ہونے والے اعلیٰ سطح کے دوطرفہ اجلاس میں بین الاقوامی اسلامی یونیورسٹی کی نمائندگی کرتے ہوئے کہی۔ اجلاس میں چیئرمین ہائر ایجوکیشن کمیشن، ترکیہ کی اعلیٰ تعلیمی کونسل کے صدر، پاکستان اور ترکیہ کی مختلف جامعات کے سربراہان اور وائس چانسلرز نے شرکت کی۔

پروفیسر ڈاکٹر احمد سعد الاحمد نے اجلاس کو بین الاقوامی اسلامی یونیورسٹی اسلام آباد کے تعلیمی کردار، دائرہ کار اور خدمات سے آگاہ کیا۔ انہوں نے یونیورسٹی کی منفرد علمی شناخت، جدید علوم کو اسلامی اقدار کے ساتھ ہم آہنگ کرنے اور پاکستان، ترکیہ علمی تعاون کے فروغ میں موثر شراکت دار بننے کے عزم کو اجاگر کیا۔ انہوں نے بتایا کہ بین الاقوامی اسلامی یونیورسٹی کے ترکیہ کی جامعات کے ساتھ اس وقت 12 فعال مفاہمت کی یادداشتیں موجود ہیں۔ انہوں نے ان معاہدوں کو عملی نتائج میں تبدیل کرنے، مشترکہ تحقیق، اساتذہ و طلبہ کے تبادلوں، مشترکہ ڈاکٹریٹ پروگرامز اور تحقیقی منصوبوں کو فروغ دینے کی ضرورت پر زور دیا۔قائم مقام ریکٹر نے ترکیہ کے تعلیمی اداروں بالخصوص غازی یونیورسٹی سمیت دیگر ممتاز جامعات کے ساتھ موجود تعاون کو مزید وسعت دینے اور شعبہ جاتی بنیادوں پر تحقیقی روابط مضبوط بنانے کے لیے مختلف مشترکہ اقدامات پر بھی تبادلہ خیال کیا۔

بین الاقوامی اسلامی یونیورسٹی کے وفد میں نائب صدر تحقیق و کاروباری امور پروفیسر ڈاکٹر احمد شجاع سید، نائب صدر انتظامیہ و مالیات پروفیسر ڈاکٹر عبدالراشد اور ڈائریکٹر روابط و نگران شعبہ پروٹوکول و تعلقات عامہ ڈاکٹر اسماء منصور شامل تھیں۔ پروفیسر ڈاکٹر احمد سعد الاحمد نے کہا کہ پاکستان اور ترکیہ کے دیرینہ برادرانہ تعلقات کو بامعنی علمی شراکت داری، پائیدار ادارہ جاتی روابط اور قابل پیمائش نتائج میں تبدیل کرنے کے لیے ایسے اعلیٰ سطحی اجلاس اہم کردار ادا کرتے ہیں۔ انہوں نے اجلاس کے انعقاد پر ہائر ایجوکیشن کمیشن اور ترکیہ کی اعلیٰ تعلیمی کونسل کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ بین الاقوامی اسلامی یونیورسٹی پاکستان اور ترکیہ کے درمیان تعلیمی تعاون کے فروغ اور دوطرفہ علمی روابط کو مضبوط بنانے میں اپنا بھرپور کردار ادا کرتی رہے گی۔

مزید خبریں