ایس کے ہائیڈرو پاور سٹیشن میں پاک چین سفارتی تعلقات کے 75 سال مکمل ہونے پر تقریب کا انعقاد، منصوبے کے کردار کو اجاگر کیا گیا

چین پاکستان اقتصادی راہداری منصوبے کے تحت قائم سکھی کناری ہائیڈرو پاورسٹیشن میں پاک چین سفارتی تعلقات کے 75 سال ، منصوبے کے سنگ بنیاد کے 10 سال اور تجارتی آپریشن کے دو سال مکمل ہونے پر خصوصی تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں گرین انرجی، ماحولیاتی تحفظ اور مقامی سماجی ترقی کے لیے منصوبے کے کردار کو اجاگر کیا گیا۔

اسلام آباد۔16ستمبر (اے پی پی):چین پاکستان اقتصادی راہداری منصوبے کے تحت قائم سکھی کناری ہائیڈرو پاورسٹیشن میں پاک چین سفارتی تعلقات کے 75 سال ، منصوبے کے سنگ بنیاد کے 10 سال اور تجارتی آپریشن کے دو سال مکمل ہونے پر خصوصی تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں گرین انرجی، ماحولیاتی تحفظ اور مقامی سماجی ترقی کے لیے منصوبے کے کردار کو اجاگر کیا گیا۔

آپریشن کے دو سال مکمل ہونے کی مناسبت سے ’’75 سالہ رفاقت: مل کر ایک سدا بہار اور پائیدار مستقبل کی تعمیر‘‘ کے عنوان سے خصوصی تقریب کا انعقاد کیا۔چائنا انرجی اوورسیز انویسٹمنٹ کمپنی لمیٹڈ کی جانب سے سرمایہ کاری، تعمیر اور آپریشن کیے جانے والے ایس کے ہائیڈرو پاور سٹیشن کی تقریب میں پاک فوج کے بریگیڈیئر حامد کریم بیگ، ڈپٹی کمشنر مانسہرہ خالد اقبال، خیبر پختونخوا انوائرمنٹل پروٹیکشن ایجنسی کے ڈائریکٹر جنرل طارق علی خان، محکمہ فشریز کے ڈائریکٹر محمد شفیع اور چائنا انرجی انٹرنیشنل گروپ کے ڈپٹی جنرل منیجر و چائنا انرجی اوورسیز انویسٹمنٹ کمپنی کے چیئرمین لن شیاؤدان نے شرکت کی۔تقریب میں خیبر پختونخوا کے مختلف سرکاری و ضلعی اداروں، پاک فوج، منصوبے کے شراکت داروں اور تعمیراتی کمپنیوں کے تقریباً 100 نمائندے بھی شریک ہوئے۔

ڈپٹی کمشنر نے ایس کے ہائیڈرو پاور سٹیشن کی آپریشنل کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ 2026 پاک چین سفارتی تعلقات کے قیام کی 75ویں سالگرہ کا سال ہے اور گرین انرجی میں تعاون دونوں ممالک کی آل ویدر سٹریٹجک کوآپریٹو پارٹنرشپ کی عملی مثال ہے۔انہوں نے کہا کہ سی پیک کے تحت اہم کلین انرجی منصوبے کے طور پر ایس کے ہائیڈرو پاور سٹیشن صاف توانائی کی فراہمی، توانائی کے ذرائع میں بہتری، روایتی ایندھن پر انحصار میں کمی اور پاکستان کی توانائی سلامتی کے استحکام میں اہم کردار ادا کر رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ ضلعی حکومت منصوبے کے مستحکم آپریشن، حفاظتی انتظامات اور پاک چین عملی تعاون کو مزید وسعت دینے کے لیے اپنا تعاون جاری رکھے گی۔خیبر پختونخوا انوائرمنٹل پروٹیکشن ایجنسی کے ڈائریکٹر جنرل طارق علی خان نے منصوبے کی ماحول دوست ترقی اور تعمیر و آپریشن کے دوران ماحولیاتی اصولوں پر عملدرآمد کو سراہا۔

انہوں نے کہا کہ ایس کے ہائیڈرو پاور سٹیشن صاف توانائی کی پیداوار کے ساتھ ساتھ آبی ماحولیاتی نظام کے تحفظ اور حیاتیاتی تنوع کے فروغ کے لیے بھی اقدامات کر رہا ہے۔محکمہ فشریز کے ڈائریکٹر محمد شفیع نے منصوبے کی جانب سے ٹراؤٹ ہیچری کے قیام اور شجرکاری سمیت پائیدار ترقی کے اقدامات کو سراہتے ہوئے کہا کہ منصوبہ گرین انرجی کی فراہمی کے ساتھ آبی ماحول کی بحالی اور تحفظ کے لیے بھی سماجی ذمہ داری ادا کر رہا ہے۔چائنا انرجی انٹرنیشنل گروپ کے ڈپٹی جنرل منیجر اور چائنا انرجی اوورسیز انویسٹمنٹ کمپنی کے چیئرمین لن شیاؤدان نے منصوبے کی تعمیر اور آپریشن میں تعاون پر خیبر پختونخوا کی حکومت، پاک فوج اور پاکستانی معاشرے کے مختلف طبقات کا شکریہ ادا کیا۔

انہوں نے کہا کہ 2026 پاک چین سفارتی تعلقات کے 75 سال، ایس کے منصوبے کے سنگ بنیاد کے 10 سال اور تجارتی آپریشن کے دو سال مکمل ہونے کا سال ہے جو تین اہم سنگ میل ہیں۔انہوں نے کہا کہ سی پیک کے فلیگ شپ منصوبے کے طور پر ایس کے ہائیڈرو پاور سٹیشن صاف توانائی کے فوائد فراہم کرنے کے ساتھ نئے دور میں پاک چین مشترکہ مستقبل کے لیے مزید مضبوط بنیاد فراہم کر رہا ہے۔لن شیاؤدان نے کہا کہ منصوبہ مستقبل میں بھی مستحکم اور قابل اعتماد گرین پاور فراہم کرنے، سماجی ذمہ داریاں ادا کرنے، مقامی اقتصادی و سماجی ترقی میں کردار ادا کرنے اور اپ گریڈڈ سی پیک کی اعلیٰ معیار کی ترقی کے لیے اپنا کردار جاری رکھے گا۔تقریب کے دوران چینی اور پاکستانی حکام نے مستحق طلبہ میں تعلیمی وظائف بھی تقسیم کیے۔

ایس کے منصوبہ کمپنی کی جانب سے مسلسل تیسرے سال منعقد کیے جانے والے اس پروگرام کے تحت اب تک 63 مقامی طلبہ کی معاونت کی جا چکی ہے۔بعد ازاں کنہار دریا میں 5,000 سے زائد مقامی مچھلی کے بچے چھوڑے گئے۔ اس اقدام کا مقصد آبی حیاتیاتی تنوع کے تحفظ اور کنہار ریور بیسن کے ماحولیاتی نظام کی بہتری میں کردار ادا کرنا ہے۔تقریب کے اختتام پر پاک چین نمائندوں نے مشترکہ طور پر کیک کاٹا اور اس عزم کا اظہار کیا کہ ایس کے ہائیڈرو پاور سٹیشن اعلیٰ معیار کے آپریشن و مینٹیننس، صاف توانائی کے فوائد، ماحولیاتی تحفظ اور پاک چین ٹیموں کے باہمی تعاون کو مزید مستحکم کرتے ہوئے اپ گریڈڈ سی پیک اور پاکستان کی توانائی سلامتی میں اپنا کردار جاری رکھے گا۔