حرمین شریفین کے تحفظ پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہو سکتا، وفاقی وزیر مواصلات کی مکہ ریجن کی طرف ڈرون حملے کی کوشش کی مذمت
حرمین شریفین کے تحفظ پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہو سکتا، وفاقی وزیر مواصلات کی مکہ ریجن کی طرف ڈرون حملے کی کوشش کی مذمت

مزید خبریں
اسلام آباد۔16ستمبر (اے پی پی):وفاقی وزیر مواصلات اور استحکامِ پاکستان پارٹی (آئی پی پی) کے صدر عبدالعلیم خان نے مکہ ریجن کی طرف ڈرون حملے کی کوشش کی سخت مذمت کی ہے۔سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’’ایکس‘‘ پر جاری بیان میں وفاقی وزیر مواصلات نے کہا کہ ایسا کوئی اقدام قطعی طور پر ناقابلِ قبول اور پوری امتِ مسلمہ کے جذبات کو شدید مجروح کرنے کے مترادف ہے۔
انہوں نےکہا کہ حرمین شریفین کا تقدس ہر مسلمان کے ایمان اور عقیدے کا لازمی و بنیادی جزو ہے۔ عبدالعلیم خان نے سعودی عرب کی سلامتی، خودمختاری اور علاقائی سالمیت کے ساتھ پاکستان کی مکمل یکجہتی کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان برادر اسلامی ملک سعودی عرب اور مقدس مقامات کے تحفظ کے لیے ہر محاذ پر ساتھ کھڑا ہے اور اس معاملے میں کسی طور پیچھے نہیں رہے گا۔
صدر استحکامِ پاکستان پارٹی نے مشرقِ وسطیٰ کی مجموعی صورتحال پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ خطہ پہلے ہی سنگین خطرات اور بے یقینی کی زد میں ہے، اس لیے خطے میں دیرپا امن و استحکام کے لیے کشیدگی اور تشدد کا راستہ فوری ترک کیا جانا چاہیے۔ انہوں نے امتِ مسلمہ پر زور دیا کہ موجودہ چیلنجز سے نمٹنے کے لیے تمام مسلم ممالک کو فوری مل بیٹھ کر باہمی مسائل کا پائیدار حل نکالنا ہوگا۔








