سارک چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے سابق صدر اور ممتاز تاجر رہنما افتخار علی ملک نے مکہ مکرمہ جیسے مقدس شہر پر ڈرون حملے کی کوشش کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ مقدس مقامات کو نشانہ بنانے کی کوئی بھی کوشش ناقابل قبول ہے۔
مقدس مقامات کو نشانہ بنانے کی کوئی بھی کوشش ناقابل قبول ہے، افتخار علی ملک

مزید خبریں
اسلام آباد۔16ستمبر (اے پی پی):سارک چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے سابق صدر اور ممتاز تاجر رہنما افتخار علی ملک نے مکہ مکرمہ جیسے مقدس شہر پر ڈرون حملے کی کوشش کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ مقدس مقامات کو نشانہ بنانے کی کوئی بھی کوشش ناقابل قبول ہے۔بدھ کو جاری بیان میں انہوں نے کہا کہ پاکستان سعودی عرب کی سلامتی، خودمختاری اور علاقائی سالمیت کے تحفظ کے عزم کے ساتھ کھڑا ہے اور حرمین شریفین کے تقدس و تحفظ کے لیے کسی طور پیچھے نہیں رہے گا۔
افتخار علی ملک نے کہا کہ مکہ مکرمہ اور مدینہ منورہ دنیا بھر کے مسلمانوں کے لیے انتہائی مقدس مقامات ہیں جن کا احترام اور تقدس ہر مسلمان کے ایمان کا لازمی حصہ ہے، مقدس مقامات کو کسی بھی قسم کے خطرے سے دوچار کرنے کی کوشش پوری مسلم امہ کے جذبات کو مجروح کرتی ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان برادرانہ تعلقات تاریخی، مذہبی اور عوامی بنیادوں پر قائم ہیں اور پاکستانی قوم سعودی عرب کی سلامتی اور حرمین شریفین کے تحفظ کے لیے اپنی مکمل حمایت کا اعادہ کرتی ہے۔
انہوں نے عالمی برادری پر زور دیا کہ مقدس مقامات کے تحفظ اور خطے میں امن و سلامتی کو یقینی بنانے کے لیے موثر اقدامات کیے جائیں۔ افتخار علی ملک نے کہا کہ مسلم امہ کو ایسے واقعات کے خلاف متحد ہو کر واضح اور مضبوط موقف اختیار کرنا چاہیے۔








