سیکرٹری خارجہ سفیر آمنہ بلوچ کا تین دہائیوں پر محیط سفارتی کیریئر اختتام پذیر ہوگیا

سیکرٹری خارجہ آمنہ بلوچ کا تین دہائیوں پر محیط سفارتی کیریئر جمعرات کو اختتام پذیر ہوگیا، ان کی جگہ عاصم افتخار یہ عہدہ سنبھالیں گے۔ ترجمان دفتر خارجہ سجاد حیدر خان نے اپنی ہفتہ وار پریس بریفنگ میں اعلان کیا کہ سیکرٹری خارجہ آمنہ بلوچ کی خدمات کو سراہتے ہیں جو تین دہائیوں کے پاکستان کی خدمت کے اپنے سفر کے اختتام کے بعد جمعرات کو اپنا سفارتی کیریئر مکمل …

اسلام آباد۔17ستمبر (اے پی پی):سیکرٹری خارجہ آمنہ بلوچ کا تین دہائیوں پر محیط سفارتی کیریئر جمعرات کو اختتام پذیر ہوگیا، ان کی جگہ عاصم افتخار یہ عہدہ سنبھالیں گے۔ ترجمان دفتر خارجہ سجاد حیدر خان نے اپنی ہفتہ وار پریس بریفنگ میں اعلان کیا کہ سیکرٹری خارجہ آمنہ بلوچ کی خدمات کو سراہتے ہیں جو تین دہائیوں کے پاکستان کی خدمت کے اپنے سفر کے اختتام کے بعد جمعرات کو اپنا سفارتی کیریئر مکمل کرکے سبکدوش ہو رہی ہیں۔انہوں نے کہا کہ اپنی شاندار مدت ملازمت کے دوران سفیر آمنہ بلوچ نے اپنے پیشہ ورانہ رویے، عزم اور مثالی قیادت کے ذریعے پاکستان کی خارجہ پالیسی اور سفارتی خدمت میں قیمتی خدمات انجام دی ہیں۔

سفیر آمنہ بلوچ نے 11 ستمبر 2024ء کو پاکستان کے 33 ویں سیکرٹری خارجہ کا عہدہ سنبھالا تھا۔ان کی آخری تقرری مئی 2023ء سے ستمبر 2024ء تک بیلجیئم، لکسمبرگ اور یورپی یونین میں پاکستان کی سفیر کے طور پر تھی۔ اس سے قبل وہ 2019ء سے 2023ء تک ملائیشیا میں پاکستان کی ہائی کمشنر اور 2014ء سے 2017ء تک چین کے چینگدو میں قونصل جنرل رہ چکی ہیں۔سفیر آمنہ بلوچ نے 1991ء میں وزارت خارجہ میں شمولیت اختیار کی۔ وزارت کے ہیڈکوارٹر پر انہوں نے سیاسی، انتظامی اور پروٹوکول ڈویژنز میں مختلف عہدوں پر خدمات انجام دیں۔

انہوں نے وزیراعظم کے دفتر میں اہم عہدوں پر بھی کام کیا اور 2018-2019 میں ایڈیشنل سیکرٹری کے طور پر خدمات انجام دیں۔اس سے قبل نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے اعلان کیا تھا کہ سفیر آمنہ بلوچ کی جگہ سفیر عاصم افتخار لیں گے جو اس وقت اقوام متحدہ میں پاکستان کے مستقل نمائندے کے طور پر خدمات انجام دے رہے ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ سفیر آمنہ بلوچ ریٹائرمنٹ کے بعد پاکستان کی ترکیہ میں سفیر کا عہدہ سنبھالیں گی اور یقین ظاہر کیا کہ وہ اپنے نئے کردار میں بھی پاکستان کی خدمت جاری رکھیں گی۔