سپیکر پنجاب اسمبلی ملک محمد احمد خاں نے کہا ہے کہ پاکستان کو درپیش چیلنجز کا تقاضا ہے کہ قومی سلامتی، سیاسی استحکام، قانون کی حکمرانی اور انصاف کی بروقت فراہمی کو یکساں اہمیت دی جائے۔ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاک فوج، قانون نافذ کرنے والے اداروں اور پاکستانی قوم نے بے مثال قربانیاں دی ہیں جنہیں فراموش نہیں کیا جاسکتا۔
قومی سلامتی، سیاسی استحکام، قانون کی حکمرانی اور انصاف کی بروقت فراہمی کو یکساں اہمیت دی جائے، ملک محمد احمد خاں

مزید خبریں
اوکاڑہ۔ 17 ستمبر (اے پی پی):سپیکر پنجاب اسمبلی ملک محمد احمد خاں نے کہا ہے کہ پاکستان کو درپیش چیلنجز کا تقاضا ہے کہ قومی سلامتی، سیاسی استحکام، قانون کی حکمرانی اور انصاف کی بروقت فراہمی کو یکساں اہمیت دی جائے۔ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاک فوج، قانون نافذ کرنے والے اداروں اور پاکستانی قوم نے بے مثال قربانیاں دی ہیں جنہیں فراموش نہیں کیا جاسکتا۔سپیکر پنجاب اسمبلی ملک محمد احمد خاں نے وزیر قانون پنجاب رانا محمد اقبال خاں کے ہمراہ نئے دیپالپور جوڈیشل کمپلیکس میں وکلا کے چیمبرز کا افتتاح کیا اور اس موقع پر منعقدہ تقریب سے خطاب کیا۔ملک محمد احمد خاں نے کہا کہ پاکستان گزشتہ کئی دہائیوں سے دہشت گردی کے سنگین چیلنجز کا سامنا کرتا آیا ہے۔
دہشت گردی کے واقعات میں معصوم شہریوں، طلبہ، نمازیوں، وکلا اور معاشرے کے دیگر طبقات نے جانوں کی قربانیاں دیں، جبکہ پاک فوج اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے افسران و جوانوں نے بھی ملک کے امن اور سلامتی کے لیے عظیم قربانیاں پیش کیں۔انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کا مؤثر مقابلہ ضروری ہے، تاہم پائیدار امن کے لیے سیاسی استحکام، قانون کی بالادستی، مؤثر ادارہ جاتی نظام اور عوام کو بروقت انصاف کی فراہمی بھی ناگزیر ہے۔ ملکی سلامتی اور خودمختاری کا تحفظ قومی ذمہ داری ہے اور اس کے ساتھ اندرونی طور پر مضبوط، مستحکم اور آئینی نظام بھی ضروری ہے۔بینچ اور بار کے کردار پر گفتگو کرتے ہوئے سپیکر نے کہا کہ بینچ اور بار انصاف کے نظام کے بنیادی ستون ہیں۔ دونوں کے باہمی تعاون کے بغیر انصاف کی فراہمی کا عمل مؤثر انداز میں آگے نہیں بڑھ سکتا۔
عدالتی اصلاحات کے ساتھ انتظامی اصلاحات بھی ضروری ہیں تاکہ عوام کو بروقت انصاف اور مؤثر سرکاری خدمات فراہم کی جاسکیں۔سپیکر ملک محمد احمد خاں نے کہا کہ جمہوری نظام میں اختیارات کا بنیادی مقصد منتخب نمائندوں کے ذریعے عوامی مسائل کا حل اور مؤثر حکمرانی ہے۔ آئین ریاستی اداروں اور حکومت کے مختلف درجات کے اختیارات اور ذمہ داریوں کا تعین کرتا ہے، اس لیے تمام اداروں کو اپنے آئینی دائرہ کار میں رہتے ہوئے کردار ادا کرنا چاہیے۔سپیکر ملک محمد احمد خاں نے کہا کہ مقامی سطح پر عوامی ضروریات، ترقیاتی ترجیحات اور زمین کے استعمال سے متعلق معاملات میں منتخب نمائندوں کا مؤثر کردار جمہوری حکمرانی کو مضبوط بناتا ہے۔ اختیارات کو عوام کے قریب لے جانا اور عوامی نمائندگی کو مؤثر بنانا جمہوری نظام کی اہم ضرورت ہے۔
دیپالپور بار کے وکلا کے چیمبرز کے منصوبے کے حوالے سے سپیکر نے کہا کہ یہ وکلا برادری کی پیشہ ورانہ ضروریات کے لیے اہم پیش رفت ہے۔ انہوں نے یقین دلایا کہ لینڈ ایکوزیشن سمیت منصوبے کے آئندہ مراحل میں بھی ہر ممکن تعاون کیا جائے گا اور منصوبے کی جلد تکمیل کے لیے کوششیں جاری رکھی جائیں گی۔سپیکر پنجاب اسمبلی نے کہا کہ وکلا برادری نے آئین، قانون اور انصاف کی بالادستی کے لیے ہمیشہ اہم کردار ادا کیا ہے۔ مضبوط عدالتی نظام، مؤثر انتظامیہ اور ذمہ دار جمہوری ادارے مل کر ہی عوام کو بہتر انصاف اور سہولیات فراہم کرسکتے ہیں۔تقریب میں ممبران پنجاب اسمبلی افتخار حسین چھچھر، ملک علی عباس کھوکھر، نور الامین وٹو، سابق رکن قومی اسمبلی راؤ اجمل، ملک تیمور احمد خاں سمیت وکلا برادری، عدلیہ اور دیگر معزز شخصیات نے شرکت کی۔\378








