راولپنڈی پولیس کی سماج دشمن عناصر کے خلاف کارروائیاں، چوری، ہراسگی، منشیات، شراب اور غیر قانونی اسلحہ میں ملوث 11 ملزمان گرفتار، 8 موبائل فون، چرس، شراب اور اسلحہ برآمد

راولپنڈی پولیس کی سماج دشمن عناصر کے خلاف کارروائیاں، چوری، ہراسگی، منشیات، شراب اور غیر قانونی اسلحہ میں ملوث 11 ملزمان گرفتار، 8 موبائل فون، چرس، شراب اور اسلحہ برآمد

راولپنڈی۔17ستمبر (اے پی پی):راولپنڈی پولیس کی سماج دشمن عناصر کے خلاف مختلف کارروائیوں کے دوران چوری، بچوں اور لڑکیوں کو ہراساں کرنے، منشیات فروشی، شراب سپلائی اور غیر قانونی اسلحہ رکھنے میں ملوث 11 ملزمان گرفتار کرلیے گئے۔ ملزمان کے قبضہ سے 12 لاکھ روپے سے زائد مالیت کے 8 موبائل فون، ایک کلو 300 گرام چرس، 12 لیٹر سے زائد شراب، اسلحہ اور ایمونیشن برآمد کرلیا گیا۔

پولیس ترجمان کے مطابق تھانہ کینٹ پولیس نے موبائل شاپ کے تالے توڑ کر موبائل فون چوری کرنے والے شخص کو گرفتار کرکے اس کے قبضہ سے 12 لاکھ روپے سے زائد مالیت کے 8 موبائل فون برآمد کرلیے۔ کینٹ پولیس نے ٹیکنیکل و ہیومن انٹیلی جنس ذرائع بروئے کار لاتے ہوئے ملزم کو گرفتار کیا۔تھانہ چکلالہ پولیس نے بچوں اور لڑکیوں کو ہراساں کرنے والے شخص کو گرفتار کرلیا۔ متن مقدمہ کے مطابق ملزم محلے میں لڑکیوں کو تنگ اور نازیبا اشارے کرتا تھا، پولیس نے مقدمہ درج کرکے ملزم کو گرفتار کیا۔

راولپنڈی پولیس نے مختلف کارروائیوں کے دوران مزید 9 افراد کو گرفتار کرکے ایک کلو 300 گرام چرس، 12 لیٹر سے زائد شراب، اسلحہ اور ایمونیشن برآمد کرلیا۔ یہ کارروائیاں تھانہ صدر بیرونی، بنی، صادق آباد، پیرودھائی، آر اے بازار، ایئرپورٹ اور روات کے علاقوں میں کی گئیں۔ایس پی پوٹھوہار چوہدری اثر علی نے کہا کہ خواتین اور بچوں کو ہراساں یا ان سے زیادتی ناقابل برداشت ہے جبکہ ڈویژنل ایس پیز کا کہنا ہے کہ منشیات اور ناجائز اسلحہ رکھنے والے افراد کے خلاف کارروائیاں جاری رکھی جائیں گی۔