پاکستان سپورٹس بورڈ کی جناح سٹیڈیم اتھلیٹکس ٹریک کے حوالے سے رپورٹ پر وضاحت

پاکستان سپورٹس بورڈ (پی ایس بی) نے جی ٹی وی پر نشر ہونے والی جناح سٹیڈیم اسلام آباد کے اتھلیٹکس ٹریک سے متعلق رپورٹ کا نوٹس لیتے ہوئے اس سہولت کی تصدیق شدہ حقائق پر مبنی صورتحال واضح کر دی ہے۔

اسلام آباد۔17ستمبر (اے پی پی):پاکستان سپورٹس بورڈ (پی ایس بی) نے جی ٹی وی پر نشر ہونے والی جناح سٹیڈیم اسلام آباد کے اتھلیٹکس ٹریک سے متعلق رپورٹ کا نوٹس لیتے ہوئے اس سہولت کی تصدیق شدہ حقائق پر مبنی صورتحال واضح کر دی ہے۔ پی ایس بی کے مطابق جناح سٹیڈیم کی اتھلیٹکس سہولت کو ورلڈ اتھلیٹکس نے کلاس ٹو اتھلیٹکس سہولت (کنسٹرکشن کیٹیگری تھری) کے طور پر باضابطہ سرٹیفکیٹ نمبر S-23-0356-1 کے تحت 28 اگست 2026 کو تصدیق شدہ قرار دیا ہے جس کی مدت اکتوبر 2030 تک ہے۔ سرٹیفکیشن اس بات کی تصدیق کرتا ہے کہ سہولت نے کلاس ٹو اتھلیٹکس سہولت کے لئے ورلڈ اتھلیٹکس کے مقررہ تکنیکی تقاضے پورے کئے ہیں۔

پی ایس بی نے بتایا کہ سہولت کا پیشہ وارانہ سروے ایسٹونیا کی کمپنی کانسٹٹ لمیٹڈ نے کیا جبکہ متعلقہ مواد اور اجزا ء کی جانچ پاکستان کونسل آف سائنٹیفک اینڈ انڈسٹریل ریسرچ (پی سی ایس آئی آر) نے بھی کی جس کی تفصیلات 19 جنوری 2024 کی پی سی ایس آئی آر ٹیسٹ رپورٹ میں موجود ہیں۔ پاکستان سپورٹس بورڈ کے مطابق ورلڈ اتھلیٹکس کی جانب سے سرٹیفکیشن پاکستان میں 14ویں ساؤتھ ایشین گیمز کی میزبانی کی تیاریوں کے تناظر میں ایک اہم تکنیکی معیار ہے جو اسلام آباد میں 3 سے 11 اپریل 2027 تک منعقد ہوں گے۔

پی ایس بی نے کھیلوں کے بنیادی ڈھانچے سے متعلق تعمیری جائزے کا خیرمقدم کرتے ہوئے شفافیت اور احتساب کے عزم کا اعادہ کیا ہے۔ بورڈ نے زور دیا کہ کھیلوں کی سہولیات سے متعلق تکنیکی امور کا جائزہ اور رپورٹنگ مستند سرکاری ریکارڈ، تکنیکی جائزوں اور تسلیم شدہ بین الاقوامی سرٹیفکیشن کی بنیاد پر ہونی چاہئے۔ پاکستان سپورٹس بورڈ نے اس عزم کا اظہار کیا کہ کھیلوں کے بنیادی ڈھانچے کو مقررہ تکنیکی معیار کے مطابق برقرار رکھنے اور ترقی دینے کے ساتھ ساتھ 14ویں ساؤتھ ایشین گیمز 2027 کی کامیاب میزبانی کو یقینی بنانے کے لئے تمام اقدامات جاری رکھے جائیں گے۔