بنگلہ دیش بلائنڈ کرکٹ کونسل (بی بی سی سی)نے ورلڈ بلائنڈ کرکٹ لمیٹڈ (ڈبلیو بی سی)سے وابستہ ہونے کے ناطے ٹی20 ایشیا کپ کرکٹ ٹورنامنٹ برائے نابینا 2026 کے میچ شیڈول کا اعلان کر دیا ہے
ٹی20 ایشیا کپ کرکٹ ٹورنامنٹ برائے نابینا 2026، کا میچ شیڈول جاری

مزید خبریں
اسلام آباد۔20ستمبر (اے پی پی):بنگلہ دیش بلائنڈ کرکٹ کونسل (بی بی سی سی)نے ورلڈ بلائنڈ کرکٹ لمیٹڈ (ڈبلیو بی سی)سے وابستہ ہونے کے ناطے ٹی20 ایشیا کپ کرکٹ ٹورنامنٹ برائے نابینا 2026 کے میچ شیڈول کا اعلان کر دیا ہے، ٹورنامنٹ 14 سے 20 نومبر 2026 تک ڈھاکہ میں کھیلا جائے گا۔ٹورنامنٹ میں پانچ ٹیمیں بنگلہ دیش، افغانستان، بھارت، پاکستان اور سری لنکا حصہ لیں گی،تمام میچزبشوندھرا کرکٹ گراؤنڈ، بشوندھرا سپورٹس سٹی ڈھاکہ میں کھیلے جائیں گے۔ٹورنامنٹ ایشیا بھر کے نابینا کرکٹرز کو اپنی کھیلوں کی صلاحیتوں کے اظہار اور بین الاقوامی سطح پر مقابلے کا اہم پلیٹ فارم فراہم کرے گا جبکہ خطے میں دوستی، شمولیت، مساوات اور نابینا کرکٹ کے فروغ میں بھی معاون ثابت ہوگا۔بنگلہ دیش بلائنڈ کرکٹ کونسل نے تمام شریک ٹیموں، کھلاڑیوں، آفیشلز، میڈیا نمائندگان اور شائقین کو بنگلہ دیش آمد پر خوش آمدید اور ٹی20 ایشیا کپ کرکٹ ٹورنامنٹ برائے نابینا 2026 کی کامیاب اور یادگار میزبانی کے عزم کا اظہار کیا ہے۔بنگلہ دیش بلائنڈ کرکٹ کونسل کے ڈائریکٹر انٹرنیشنل اور ورلڈ بلائنڈ کرکٹ لمیٹڈ کے ریجنل ڈویلپمنٹ ڈائریکٹر ایشیا معین اقبال نے اپنے بیان میں کہا کہ بنگلہ دیش میں سفوان بشوندھرا گلوبل ٹی20 ایشیا کپ کرکٹ ٹورنامنٹ برائے نابینا 2026 کے انعقاد کا اعلان کرتے ہوئے خوشی ہے۔انہوں نے کہا کہ بنگلہ دیش، افغانستان، بھارت، پاکستان اور سری لنکا کی شرکت اس بین الاقوامی کھیلوں کےایونٹ کو دلچسپ بنانے کے ساتھ ساتھ ایشیا میں نابینا کرکٹ کی ترقی کے لیے اہم سنگ میل ثابت ہوگی۔ انہوں نے تمام ٹیموں کو بنگلہ دیش میں خوش آمدید کہا۔








