جاپان کے پریفیکچر ایچی اور ناگویا سٹی میں شیڈول 20ویں ایشین گیمز 2026 کے مقابلوں کا باضابطہ اور تفصیلی ماسٹر شیڈول جاری کر دیا گیا
20ویں ایشین گیمز 2026 کا تفصیلی ماسٹر شیڈول جاری، تمام کھیلوں اور مقابلوں کی تاریخیں طے

مزید خبریں
ناگویا۔20ستمبر (اے پی پی):جاپان کے پریفیکچر ایچی اور ناگویا سٹی میں شیڈول 20ویں ایشین گیمز 2026 کے مقابلوں کا باضابطہ اور تفصیلی ماسٹر شیڈول جاری کر دیا گیا ۔ ایشیا کے سب سے بڑے سپورٹس فیسٹیول کے لیے جاری اس شیڈول کے تحت تمام کھیلوں کے ابتدائی راؤنڈز، کوالیفائنگ مرحلے اور میڈل ایونٹس کی تاریخوں اور وینیوز کا باقاعدہ تعین کر دیا گیا ہے جس کے ساتھ ہی شریک ممالک کی اولمپک کمیٹیوں اور دستوں نے اپنی تیاریاں تیز کر دی ہیں۔ گیمز کی شاندار باضابطہ افتتاحی تقریب گزشتہ روز 19 ناگویا کے پالوما میزو ہو سٹیڈیم میں منعقد ہوئی جبکہ اختتامی تقریب 4 اکتوبر کو ہوگی۔شیڈول کے مطابق شائقین کی غیر معمولی دلچسپی کے باعث متعدد ٹیم ایونٹس کا آغاز باقاعدہ افتتاحی تقریب سے قبل ہی ہو جائے گا۔ باسکٹ بال (5×5) کے ابتدائی مقابلے 26 ستمبر تک جاری رہیں گے۔ فٹ بال کا 14 ستمبر کو شروع ہونے والا ٹورنامنٹ 3 اکتوبر تک کھیلا جائے گا جس میں خواتین کا فائنل 2 اکتوبر اور مردوں کا فائنل 3 اکتوبر کو ہوگا۔ انڈور والی بال کے مقابلے 3 اکتوبرتک، کرکٹ (ٹی ٹوئنٹی) کے مقابلے 17 ستمبر تا 3 اکتوبر، ٹیک بال 17 تا 20 ستمبر، ہاکی 3 اکتوبرتک شیڈول کیے گئے ہیں۔کلاسک اور روایتی اولمپک کھیلوں میں سوئمنگ (تیراکی)کے مقابلے25 ستمبر تک ٹوکیو ایکواٹکس سینٹر میں ہوں گے جن کے بعد آرٹسٹک سوئمنگ 26 تا 28 ستمبر جبکہ واٹر پولو 3 اکتوبر تک جاری رہے گا۔ اتھلیٹکس (ٹریک، فیلڈ اور میراتھن)کے سنسنی خیز مقابلے 23 تا 29 ستمبر ناگویا کے مرکزی سٹیڈیم میں منعقد ہوں گے۔ شوٹنگ کے مقابلے یکم اکتوبر، روئنگ 24 ستمبرتک ، کینو اسپرنٹ 23 تا 26 ستمبر، کینو سلیلم 29 ستمبر تا 2 اکتوبر اور سیلنگ کے مقابلے 26 ستمبر تا 3 اکتوبر تک کھیلے جائیں گے۔ جمناسٹکس کے تحت آرٹسٹک جمناسٹکس 21 تا 25 ستمبر، ٹرامپولین 27 ستمبر اور ردھمک جمناسٹکس یکم تا 3 اکتوبر تک شیڈول ہے۔ریکیٹ اور ٹیم سپورٹس کے زمرے میں بیڈمنٹن 20 تا 29 ستمبر، ٹیبل ٹینس 20 تا 28 ستمبر، ٹینس 27 ستمبر تا 3 اکتوبر، سکواش 23 ستمبر تا 2 اکتوبر، کبڈی 21 تا 26 ستمبر، سیپک ٹاکرا اور بیچ والی بال 20 ستمبر تا 3 اکتوبر، ہینڈ بال 19 تا 29 ستمبر اور رگبی سیونز یکم تا 3 اکتوبر تک منعقد ہوں گے۔ اسی طرح مارشل آرٹس اور کامبیٹ سپورٹس میں کراٹے 20 تا 23 ستمبر، ووشو 20 تا 24 ستمبر، مکسڈ مارشل آرٹس 20 تا 22 ستمبر، باکسنگ 21 ستمبر تا 2 اکتوبر، ویٹ لفٹنگ 23 تا 29 ستمبر، جوڈو اور ریسلنگ 30 ستمبر تا 3 اکتوبر جبکہ تائیکوانڈو کے مقابلے یکم تا 3 اکتوبر ہوں گے۔جدید دور کے مقبول اور اربن سپورٹس میں سائیکلنگ کے مختلف شعبے (روڈ، ماؤنٹین، بی ایم ایکس اور ٹریک سائیکلنگ) 20 ستمبر تا 2 اکتوبر کے دوران مختلف ٹریکس پر ہوں گے۔ اس کے علاوہ فینسنگ 22 تا 27 ستمبر، ای سپورٹس 23 ستمبر تا 2 اکتوبر، سکیٹ بورڈنگ 24 تا 27 ستمبر، سرفنگ 25 تا 28 ستمبر، پیڈل 28 ستمبر تا 3 اکتوبر، سپورٹس کلائمنگ 29 ستمبر تا 3 اکتوبر، گولف 30 ستمبر تا 3 اکتوبر اور بریکنگ کے مقابلے 2 تا 3 اکتوبر تک منعقد ہوں گے۔ ماسٹر شیڈول کے تحت 20 ستمبر پہلا بڑا میڈل ڈے ہوگا جبکہ 2 اکتوبر گیمز کا مصروف ترین دن ہوگا جس میں ریکارڈ 51 گولڈ میڈلز کے فیصلے کیے جائیں گے۔








