سعودی قیادت کو یوم وطنی پر خلیجی اور عرب رہنماؤں کی مبارکباد

سعودی قیادت کو مملکت کے 96 ویں یوم وطنی پر خلیجی اور عرب رہنماؤں نے مبارکباد دی ہے۔ایس پی اے کے مطابق شاہ بحرین حمد بن عیسی آل خلیفہ نے شاہ سلمان اور ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کو یوم وطنی پر مبارکباد کے پیغامات ارسال کیے۔انہوں نے کئی دہائیوں کے دوران مختلف شعبوں میں مملکت کی کامیابیوں اور بین الاقوامی برادری میں اس کے نمایاں مقام کی تعریف …

ریاض ۔23ستمبر (اے پی پی):سعودی قیادت کو مملکت کے 96 ویں یوم وطنی پر خلیجی اور عرب رہنماؤں نے مبارکباد دی ہے۔ایس پی اے کے مطابق شاہ بحرین حمد بن عیسی آل خلیفہ نے شاہ سلمان اور ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کو یوم وطنی پر مبارکباد کے پیغامات ارسال کیے۔انہوں نے کئی دہائیوں کے دوران مختلف شعبوں میں مملکت کی کامیابیوں اور بین الاقوامی برادری میں اس کے نمایاں مقام کی تعریف کی۔انہوں نے سعودی عرب اور بحرین کے درمیان گہرے بردارانہ تعلقات پر فخر کا اظہار کیا۔

دونوں ملکوں کے مشترکہ مقاصد اور عوام کی امنگوں کی تکمیل کے لیے سٹریٹیجک شراکت داری کے تحت باہمی تعاون مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کیا۔بحرین کے ولی عہد و وزیراعظم شہزادہ سلمان بن حمد آل خلیفہ نے بھی سعودی قیادت کو مبارکباد کے پیغامات بھیجے ہیں۔امیر کویت شیخ مشعل الاحمد الجابر الصباح نے شاہ سلمان بن عبدالعزیز کو قومی دن کے موقع پر مبارکباد دی۔اپنے پیغام میں انہوں نے سعودی عرب، کویت اور اس کے عوام کو جوڑنے والے گہرے برادرانہ تعلقات کا ذکر کیا۔

عمان کے فرمانروا ھیثم بن طارق کی جانب سے شاہ سلمان بن عبدالعزیز اور ولی عہد محمد بن سلمان کو مبارکباد کے پیغامات ارسال کیے گئے۔سلطان ھیثم بن طارق نے دلی مبارکباد دی، مملکت کی مسلسل خوشحالی اور استحکام کی خواہش کا اظہار کیا۔یاد رہے سعودی عرب کا نیشنل ڈے( یوم وطنی) ہر سال 23 ستمبر کو منایا جاتا ہے۔ یوم وطنی تیسری سعودی ریاست کے قیام کی خوشی میں منایا جاتا ہے۔شاہ عبدالعزیز آل سعود نے تیسری سعودی ریاست کے قیام کا اعلان 21 جمادی الاول 1351ھ مطابق 23 ستمبر 1932 کو کیا تھا۔ اسی مناسبت سے سعودی قائدین اورعوام 23 ستمبر کو یوم وطنی مناتے ہیں۔