وزیر اعلیٰ بلوچستان کا دہشتگردوں کے خلاف کامیاب کارروائیوں پر سکیورٹی فورسز کو خراج تحسین

وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے کوئٹہ کے علاقے شعبان سمیت نوشکی اور مند میں دہشتگردوں کے خلاف سکیورٹی فورسز کی کامیاب کارروائیوں کو سراہتے ہوئے کہا ہے کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں سکیورٹی فورسز کی قربانیاں قوم کے لیے باعثِ فخر ہیں

کوئٹہ۔ 27 ستمبر (اے پی پی):وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے کوئٹہ کے علاقے شعبان سمیت نوشکی اور مند میں دہشتگردوں کے خلاف سکیورٹی فورسز کی کامیاب کارروائیوں کو سراہتے ہوئے کہا ہے کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں سکیورٹی فورسز کی قربانیاں قوم کے لیے باعثِ فخر ہیں۔ وزیر اعلیٰ میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ آپریشن شعبان کے دوران سکیورٹی فورسز نے دہشت گردوں کے متعدد ٹھکانوں کو مؤثر انداز میں کلیئر کیا جبکہ اب تک 33 دہشت گرد ہلاک کئے جاچکے ہیں، گزشتہ 72 گھنٹوں کے دوران مزید 23 دہشت گردوں کو ہلاک کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ نوشکی میں انٹیلی جنس بنیاد پر کی گئی کارروائی کے دوران 11 دہشت گرد ہلاک ہوئے جبکہ مند میں فتنۃ الہندوستان کے 6 دہشت گردوں کو ہلاک کیا گیا۔ کارروائیوں کے دوران دہشتگردوں کے ٹھکانوں سے بڑی تعداد میں اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد کیا گیا۔ وزیراعلی میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ گزشتہ 96 گھنٹوں کے دوران صوبے کے مختلف علاقوں میں جاری آپریشنز کے دوران 71 سے زائد دہشت گردوں کا خاتمہ کیا جاچکا ہے، جو دہشت گردی کے خلاف جاری کارروائیوں میں ایک اہم پیش رفت ہے۔ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ سکیورٹی فورسز نے دہشت گردوں کے ٹھکانوں کو مؤثر انداز میں نشانہ بنایا ہے،دہشت گرد عناصر اپنے مذموم عزائم میں کبھی کامیاب نہیں ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان کے عوام امن کے قیام اور دہشت گردی کے خاتمے کے لیے سکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ کھڑے ہیں۔انہوں نے کہا کہ قومی ایکشن پلان کے تحت ’’عزمِ استحکام‘‘ کے وژن کے مطابق دہشت گردی کے خلاف قومی عزم غیر متزلزل ہے۔ سکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی قربانیوں اور کاوشوں سے بلوچستان میں پائیدار امن کے قیام کی کوششیں جاری رہیں گی۔