شہید بینظیر بھٹو یونیورسٹی میں تھیلیسیمیا میں مبتلا بچوں کے لیے بلڈ ڈونیشن کیمپ کا انعقاد

وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر مدد علی شاہ کی خصوصی ہدایات پر ’’آئیے خون کا عطیہ دے کر کسی معصوم بچے کی زندگی بچانے میں اپنا حصہ ڈالیں‘‘ کے عنوان سے شہید بینظیر بھٹو یونیورسٹی، شہید بینظیرآباد میں ڈائریکٹوریٹ آف سٹوڈنٹس افیئرز اور تھیلیسیمیا ویلفیئر سوسائٹی نواب شاہ

حیدرآباد۔ 30 ستمبر (اے پی پی):وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر مدد علی شاہ کی خصوصی ہدایات پر ’’آئیے خون کا عطیہ دے کر کسی معصوم بچے کی زندگی بچانے میں اپنا حصہ ڈالیں‘‘ کے عنوان سے شہید بینظیر بھٹو یونیورسٹی، شہید بینظیرآباد میں ڈائریکٹوریٹ آف سٹوڈنٹس افیئرز اور تھیلیسیمیا ویلفیئر سوسائٹی نواب شاہ کے مشترکہ تعاون سے تھیلیسیمیا میں مبتلا بچوں کے لیے بلڈ ڈونیشن کیمپ کا انعقاد کیا گیا۔ کیمپ اکیڈمک بلاک ون اور ٹو میں لگایا گیا،کیمپ کا مقصد تھیلیسیمیا میں مبتلا معصوم بچوں کے لیے خون کی فراہمی کو فروغ دینا اور طلبہ و طالبات سمیت یونیورسٹی کے دیگر اراکین میں انسانیت کی خدمت، ہمدردی اور سماجی ذمہ داری کا جذبہ اجاگر کرنا تھا۔ اس موقع پر شہید بینظیر بھٹو یونیورسٹی کے طلبہ و طالبات نے بڑی تعداد میں شرکت کرتے ہوئے خون کا عطیہ دیا اور تھیلیسیمیا میں مبتلا بچوں کی مدد کے لیے اپنا بھرپور کردار ادا کیا۔

طلبہ کے اس جذبے کو انسانیت کی خدمت اور سماجی بہبود کی جانب ایک اہم قدم قرار دیا گیا۔کیمپ کے دورے کے دوران پروفیسر ڈاکٹر لیاقت علی زرداری، پروفیسر ڈاکٹر محمد افضل کمبوہ، تھیلیسیمیا ویلفیئر سوسائٹی کے ڈاکٹر صادق سیال اور غلام نبی چنہ، ڈائریکٹر سٹوڈنٹس افیئرز انجینئر محمد طفیل میمن اور سٹوڈنٹس ویلفیئر آفیسر امجد علی راہو نے کہا کہ خون کا عطیہ ایک عظیم انسانی خدمت ہے، جس سے تھیلیسیمیا میں مبتلا بچوں کو زندگی کی امید ملتی ہے اور ان کے علاج میں مدد فراہم ہوتی ہے۔انہوں نے یونیورسٹی کے طلبہ اور پوری کمیونٹی کے مشترکہ تعاون کو سراہتے ہوئے اس بات پر زور دیا کہ ایسی سرگرمیاں معاشرے میں انسانیت، ہمدردی اور خدمت کے جذبے کو فروغ دینے میں اہم کردار ادا کرتی ہیں۔

 

مزید خبریں