صوبائی وزیر توانائی ملک فیصل ایوب کھوکھر کی زیرِ صدارت لائسنس یافتہ برقی ٹھیکیداروں کا اجلاس منعقد ہوا، جس میں برقی تنصیبات کی حفاظت، معیار، لائسنسنگ نظام اور حفاظتی ضوابط پر عملدرآمد کا جائزہ لیا گیا
صوبائی وزیر توانائی کی زیرِ صدارت اجلاس،برقی تنصیبات کے باقاعدہ معائنہ اور جانچ کے نظام کو موثر بنانے کی ہدایت

مزید خبریں
لاہور۔30ستمبر (اے پی پی):صوبائی وزیر توانائی ملک فیصل ایوب کھوکھر کی زیرِ صدارت لائسنس یافتہ برقی ٹھیکیداروں کا اجلاس منعقد ہوا، جس میں برقی تنصیبات کی حفاظت، معیار، لائسنسنگ نظام اور حفاظتی ضوابط پر عملدرآمد کا جائزہ لیا گیا۔اجلاس کے دوران برقی تنصیبات کی مرمت اور دیکھ بھال کے دوران حفاظتی اصولوں پر عملدرآمد، برقی حادثات کی روک تھام اور لائسنسنگ کے نظام کو مزید موثر بنانے سے متعلق امور زیرِ بحث آئے۔ صوبائی وزیر توانائی نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ برقی حفاظت کے معاملے میں وزیراعلیٰ پنجاب کی زیرو ٹالرنس پالیسی پر مکمل عملدرآمد یقینی بنایا جائے گا۔ سرکاری و نجی برقی تنصیبات میں حفاظتی ضوابط کی پابندی ہر صورت یقینی بنائی جائے اور کسی بھی سطح پر حفاظتی معیار پر سمجھوتہ نہ کیا جائے۔
انہوں نے ہدایت کی کہ برقی تنصیبات کے باقاعدہ معائنہ اور جانچ کے نظام کو مزید موثر بنایا جائے تاکہ ممکنہ خطرات کی بروقت نشاندہی اور ان کا تدارک ممکن ہو سکے۔ فیصل ایوب کھوکھر نے کہا کہ عوام کے جان و مال کا تحفظ پنجاب حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ برقی حادثات کی روک تھام کے لیے حفاظتی اقدامات کو مزید موثر بنانا وقت کی اہم ضرورت ہے۔ حکومت برقی نظام میں بہتری، حفاظتی معیار کے فروغ اور ذمہ دارانہ طریقہ کار کے نفاذ کے لیے تمام ضروری اقدامات اٹھا رہی ہے۔صوبائی وزیر نے کہا کہ لائسنس یافتہ برقی ٹھیکیداروں کے لائسنس کی تجدید کا عمل شفاف اور آسان بنایا جائے گا تاکہ اہل اور ذمہ دار ٹھیکیداروں کو غیر ضروری مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے۔
اجلاس میں سیکرٹری توانائی محمد اجمل بھٹی سمیت متعلقہ افسران اور لائسنس یافتہ برقی ٹھیکیداروں نے شرکت کی۔








