عوامی نیشنل پارٹی کے رہنما سردار حسین بابک نے خیبر پختونخوا میں تحریک انصاف کی حکومت کی 13 سالہ کارکردگی پر شدید تنقید کرتے ہوئے صوبے کو درپیش معاشی مشکلات اور ترقیاتی عمل میں تعطل پر ذمہ داروں کے احتساب کا مطالبہ کیا ہے
عوامی نیشنل پارٹی کے رہنما سردار حسین بابک کی خیبر پختونخوا میں تحریک انصاف کی حکومت کی13 سالہ کارکردگی پر تنقید، احتساب کا مطالبہ

مزید خبریں
پشاور۔ 13 اکتوبر (اے پی پی):عوامی نیشنل پارٹی کے رہنما سردار حسین بابک نے خیبر پختونخوا میں تحریک انصاف کی حکومت کی 13 سالہ کارکردگی پر شدید تنقید کرتے ہوئے صوبے کو درپیش معاشی مشکلات اور ترقیاتی عمل میں تعطل پر ذمہ داروں کے احتساب کا مطالبہ کیا ہے۔ انہوں نے پشاور میں بیان میں کہا ہے کہ 2008 سے 2013 کے دوران نامساعد حالات کے باوجود خیبر پختونخوا میں ترقیاتی سرگرمیاں جاری رہیں اور روزگار کے مواقع پیدا کیے گئے۔انہوں نے کہا کہ عوامی نیشنل پارٹی نے 2008 میں صوبے کی ترقی کے لیے منصوبہ بندی پیش کی تھی اور اس پر عملی کام بھی شروع کردیا گیا تھا، تاہم 2013 کے بعد اس پر کام جاری نہ رہ سکا۔اے این پی رہنما نے دعویٰ کیا کہ 2013 کے بعد خیبر پختونخوا میں ترقی کا پہیہ رک گیا اور صوبے کی معیشت بدحالی کا شکار ہوگئی۔
انہوں نے کہا کہ کاروباری مواقع محدود ہونے سے صوبے کی معاشی صورتِ حال متاثر ہوئی ہے۔انہوں نے تحریک انصاف کے گزشتہ دورِ حکومت پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ صوبے کے وسائل کے استعمال اور حکومتی کارکردگی کا جائزہ لیا جانا چاہیے۔انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف کو اقتدار تک پہنچانے والے بعض افراد بھی اب اپنے فیصلوں پر پشیمان ہیں، انہوں نے مطالبہ کیا کہ خیبر پختونخوا کو موجودہ صورتِ حال تک پہنچانے کے ذمہ داروں کو قانون کے کٹہرے میں لایا جائے اور گزشتہ 13 سال کے دوران ہونے والے فیصلوں اور صوبائی وسائل کے استعمال کااحتساب کیا جائے۔انہوں نے زور دیا کہ صوبے کے عوام کو درپیش معاشی مسائل کے حل اور ترقیاتی سرگرمیوں کی بحالی کے لیے ذمہ داری کا تعین ضروری ہے۔








