ڈی پی او سوات کی جانب سےایس ڈی پی اوز کے اعزاز میں الوداعی تقریب

ڈسٹرکٹ پولیس آفیسرسوات محمد عمر خان نے ایس ڈی پی او سرکل کبل امجد علی اور ایس ڈی پی او سرکل چارباغ بخت ظاہر کے اعزاز میں اپنے دفتر میں ایک سادہ و پُروقار الوداعی تقریب کا اہتمام کیا

پشاور۔ 16 اکتوبر (اے پی پی):ڈسٹرکٹ پولیس آفیسرسوات محمد عمر خان نے ایس ڈی پی او سرکل کبل امجد علی اور ایس ڈی پی او سرکل چارباغ بخت ظاہر کے اعزاز میں اپنے دفتر میں ایک سادہ و پُروقار الوداعی تقریب کا اہتمام کیا۔ پولیس ترجمان سوات کے مطابق تقریب میں ایس پی آپریشن سوات غلام صادق خان اور ایس ڈی پی او کبل محمد نصیر خان بھی موجود تھے۔ اس موقع پر ڈی پی او سوات نے حال ہی میں سوات سے تبدیل ہونے والے دونوں ایس ڈی پی اوز کو بہترین کارکردگی کے اعتراف میں اعزازی شیلڈز سے نوازا۔

ڈی پی او سوات نے دونوں افسران کی سوات پولیس کے لیے گراں قدر خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ انہوں نے اپنی تعیناتی کے دوران فرائض منصبی نہایت خوش اسلوبی اور فرض شناسی سے سرانجام دئیے ہیں جنہیں ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔ انہوں نے دونوں افسران کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا اور امید ظاہر کی کہ وہ آئندہ تعیناتی کے دوران بھی اپنے فرائض اسی محنت، لگن اور خوش اسلوبی سے سرانجام دیں گے۔