پولینڈ کی ٹینس کھلاڑی ماجا خوالنسکا نے وہان اوپن ٹینس ٹورنامنٹ جیت لیا۔ ای ایس پی این کے مطابق 25 سالہ ماجا خوالنسکا نے خواتین کے سنگلز مقابلوں کے فائنل میچ میں انگلینڈ کی ٹینس کھلاڑی سونے کارٹل کو شکست دے کر اپنے کیریئر کا پہلا ڈبلیو ٹی اے 1000 ٹائٹل جیت لیا۔
وہان اوپن ٹینس،ماجا خوالنسکا نے پہلا ڈبلیو ٹی اے 1000 ٹورنامنٹ جیت لیا

مزید خبریں
بیجنگ ۔19اکتوبر (اے پی پی):پولینڈ کی ٹینس کھلاڑی ماجا خوالنسکا نے وہان اوپن ٹینس ٹورنامنٹ جیت لیا۔ ای ایس پی این کے مطابق 25 سالہ ماجا خوالنسکا نے خواتین کے سنگلز مقابلوں کے فائنل میچ میں انگلینڈ کی ٹینس کھلاڑی سونے کارٹل کو شکست دے کر اپنے کیریئر کا پہلا ڈبلیو ٹی اے 1000 ٹائٹل جیت لیا۔
چین کے شہر وہان کے وینیو آپٹکس ویلی انٹرنیشنل ٹینس سینٹرمیں کھیلے گئے ڈبلیو ٹی اے ایونٹ کے ویمنز سنگلز مقابلوں کے فائنل میچ میں پولینڈ کی ٹینس کھلاڑی ماجا خوالنسکا نے سخت مقابلے کے بعد حریف انگلینڈ کی ٹینس کھلاڑی سونے کارٹل کو6-2، 4-6 اور 2-6 سے کامیابی حاصل کر کے ڈبلیو ٹی اے 1000 سطح کا پہلا ٹائٹل اپنے نام کر لیا۔
سونے کارٹل نے کمر کی انجری کے باعث 6 ماہ تک کھیل سے دور رہنے کے بعد شاندار واپسی کی اور فائنل تک رسائی حاصل کی، تاہم فیصلہ کن مقابلے میں جسمانی تھکن ان کی کارکردگی پر اثر انداز ہوئی۔ انہوں نے پہلا سیٹ 2-6 سے جیتا، لیکن ماجا خوالنسکا نے اگلے دونوں سٹریٹ سیٹس میں بہتر کھیل پیش کرتے ہوئے ٹائٹل اپنے نام کر لیا۔ یہ ماجا خوالنسکا کے ڈبلیو ٹی اے ٹور پر کسی بھی سطح کا پہلا ٹائٹل بھی ہے۔
عالمی درجہ بندی میں 170ویں نمبر پر موجود سونے کارٹل 2009 میں موجودہ فارمیٹ متعارف ہونے کے بعد اس سطح کے فائنل تک پہنچنے والی کم ترین درجہ بندی کی کھلاڑی بنیں۔ وہ انگلینڈ کی دوسری خاتون کھلاڑی ہیں جنہوں نے ڈبلیو ٹی اے 1000 ایونٹ کے فائنل میں جگہ بنائی۔ ان سے قبل جوہانا کونٹا نے 2017 میں میامی اوپن جیتا تھا۔
فائنل میں شکست کے باوجود سونے کارٹل کو عالمی درجہ بندی میں نمایاں بہتری کا فائدہ ہوگا اور وہ 50ویں نمبر پر پہنچ کر پہلی مرتبہ انگلینڈ کی نمبر ون خاتون کھلاڑی بن جائیں گی۔ سونے کارٹل نے میچ کے بعد کہا کہ ماجا خوالنسکا منفرد انداز میں کھیلتی ہیں اور ان کے خلاف مقابلہ جسمانی طور پر انتہائی سخت تھا۔ ان کے مطابق 6 ماہ کھیل سے دور رہنے کے اثرات اہم مواقع پر محسوس ہوئے، تاہم مجموعی طور پر وہ اپنی کارکردگی سے مطمئن ہیں۔
انہوں نے کہا کہ اگرچہ فائنل میں شکست کا افسوس رہے گا، لیکن پورے ٹورنامنٹ میں حاصل ہونے والی کامیابیاں اس نتیجے سے کہیں زیادہ اہم ہیں۔دوسری جانب ماجا خوالنسکا نے رواں سیزن میں فرنچ اوپن کے فائنل تک رسائی حاصل کر کے بھی توجہ حاصل کی تھی، جہاں انہوں نے کوالیفائنگ مرحلے سے آگے بڑھتے ہوئے غیر معمولی کارکردگی دکھائی۔ وہ اب عالمی درجہ بندی میں ٹاپ 10 کھلاڑیوں میں شامل ہونے کے قریب پہنچ گئی ہیں۔







