صوبائی مشیر برائے کھیل و امور نوجوانان مینا مجید بلوچ نے قلات اور گوادر میں سیکورٹی فورسز کے کامیاب آپریشنز کو سراہتے ہوئے چار بین الاقوامی اسپانسرڈ خوارج کی ہلاکت پر فورسز کی اعلیٰ پیشہ ورانہ صلاحیتوں کی تعریف کی ہے
ہماری افواج دشمن کو ہر محاذ پر دندان شکن جواب دے رہی ہیں، صوبائی مشیر مینا مجید بلوچ

مزید خبریں
کوئٹہ۔ 19 اکتوبر (اے پی پی):صوبائی مشیر برائے کھیل و امور نوجوانان مینا مجید بلوچ نے قلات اور گوادر میں سیکورٹی فورسز کے کامیاب آپریشنز کو سراہتے ہوئے چار بین الاقوامی اسپانسرڈ خوارج کی ہلاکت پر فورسز کی اعلیٰ پیشہ ورانہ صلاحیتوں کی تعریف کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان میں امن کے دشمنوں اور غیر ملکی آقاوں کی شہ پر انارکی پھیلانے والوں کا گھیراو تنگ ہوچکا ہے اور ہماری افواج دشمن کو ہر محاذ پر دندان شکن جواب دے رہی ہیں۔
صوبائی مشیر نے شادی کور پسنی میں آئی ای ڈی دھماکے میں جام شہادت نوش کرنے والے میجر وجاہت وحید کو زبردست الفاظ میں خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ میجر وجاہت شہید نے پاک دھرتی کے تحفظ اور ہمارےامن و سکون کے لیے اپنی جان کا نذرانہ پیش کر کے عظیم مثال قائم کی ہے۔
صوبائی مشیر مینا مجید بلوچ نے شہید کے لواحقین سے دلی ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے اس عزم کا اعادہ کیا کہ شہداء کا خون کبھی رائیگاں نہیں جائے گا اور ’عزمِ استحکام‘ کے تحت بلوچستان کو دہشت گردی سے پاک کرنے تک سکیورٹی فورسز اور عوام کا مشترکہ عزم اور جدوجہد بلا تاخیر جاری رہے گی۔








