لیسکو کی بجلی چوری اور نادہندگان کیخلاف کارروائیاں، ڈائریکٹ سپلائی کے ذریعے بجلی چوری پکڑی گئی

چیف ایگزیکٹو آفیسر لیسکو انجینئر محمد رمضان بٹ کی ہدایات پر بجلی چوری اور نادہندگان کیخلاف کارروائیاں جاری ہیں

لاہور۔19اکتوبر (اے پی پی):چیف ایگزیکٹو آفیسر لیسکو انجینئر محمد رمضان بٹ کی ہدایات پر بجلی چوری اور نادہندگان کیخلاف کارروائیاں جاری ہیں۔ اسی سلسلے میں لیسکو سنٹرل سرکل،ٹاون شپ ڈویژن کی گرین ٹاون سب ڈویژن میں ریکوری ٹیم نے ڈائریکٹ سپلائی کے ذریعے بجلی چوری پکڑی گئی۔پیر کو ترجمان لیسکو کے مطابق ریکوری ٹیم نے لیسکو کے نادہندہ صارف دل نواز کے کنکشن کی چیکنگ کی، جہاں ڈائریکٹ سپلائی کے ذریعے بجلی چوری کی جا رہی تھی۔ڈی سی او اسٹاف نے موقع پر بجلی چوری کی ویڈیو بھی بنائی۔

بجلی چوری اور نادہندگی کے باعث صارف کا کنکشن منقطع کر دیا گیا۔بعد ازاں دل نواز اپنے بھائی سمیر کے ہمراہ گرین ٹاون لیسکو دفتر پہنچا اور دونوں بھائیوں نے عملے سے گالم گلوچ اور بدتمیزی شروع کردی۔مسلح ملزمان نے ڈی سی او انچارج زاہد کو جان سے مارنے کی کوشش کی،جبکہ یونیفارم میں موجود لیسکو ملازمین اور دفتر میں موجود عوام کو اسلحہ دکھا کر ہراساں کیا اور ہنگامہ آرائی کے دوران سرکاری املاک کو نقصان پہنچایا۔موقع پر موجود افراد اور لیسکو ملازمین نے مسلح ملزم کو قابو کرلیا، جس کے بعد 15 پر پولیس کو اطلاع دی گئی۔

پولیس نے موقع پر پہنچ کر ملزم سے پسٹل برآمد کرکے اسے گرفتار کرلیا۔ ایس ای سنٹرل سرکل ثنا محمد اور ایکسئین نعیم احمد جمالی نے واقعے کی مسلسل نگرانی کرتے ہوئے ملزمان کیخلاف اندراج مقدمہ اور مزید قانونی کارروائی کا آغاز کر دیا ہے۔چیف ایگزیکٹو آفیسر لیسکو انجینئر محمد رمضان بٹ نے کہا کہ سرکاری فرائض کی انجام دہی میں رکاوٹ،مزاحمت یا ملازمین پر تشدد کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا۔ بجلی چوری اور نادہندگی کیخلاف کارروائیاں بلاامتیاز جاری رہیں گی اور ملوث عناصر کے خلاف قانون کے مطابق سخت کارروائی یقینی بنائی جائے گی۔