علاقے میں سہولیات کی فراہمی اولین ترجیح، منصوبے جلد مکمل کرکے عوام کو بہتر سہولیات فراہم کی جائیں گی، ملک فیصل ایوب کھوکھر

صوبائی وزیر ملک فیصل ایوب کھوکھر نے پی پی168 کے علاقے یوسی109 کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے وارڈ نمبر5 اور سینما والی گلی میں جاری ترقیاتی منصوبوں کا جائزہ لیا اور متعلقہ حکام سے کاموں کی پیش رفت کے حوالے سے بریفنگ حاصل کی

لاہور۔19اکتوبر (اے پی پی):صوبائی وزیر ملک فیصل ایوب کھوکھر نے پی پی168 کے علاقے یوسی109 کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے وارڈ نمبر5 اور سینما والی گلی میں جاری ترقیاتی منصوبوں کا جائزہ لیا اور متعلقہ حکام سے کاموں کی پیش رفت کے حوالے سے بریفنگ حاصل کی۔صوبائی وزیر نے سینما والی گلی میں نئی سیوریج لائن اور واٹر سپلائی کے منصوبوں کا معائنہ کیا۔ متعلقہ حکام نے انہیں بتایا کہ سیوریج لائن اور واٹر سپلائی کا کام مکمل ہو چکا ہے،جبکہ نئی سڑک کی تعمیر کا کام تیزی سے جاری ہے، جسے جلد مکمل کر لیا جائے گا۔اس موقع پر ملک فیصل ایوب کھوکھر نے کہا کہ عوام کو بنیادی سہولیات کی فراہمی اور ان کے روزمرہ مسائل کا حل حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔ترقیاتی منصوبوں کا مقصد شہریوں کو بہتر نکاسی آب،صاف پانی کی فراہمی اور معیاری سڑکوں جیسی بنیادی سہولیات فراہم کرنا ہے تاکہ عوام کو درپیش مشکلات کا خاتمہ کیا جا سکے۔انہوں نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ جاری ترقیاتی منصوبوں کو مقررہ مدت میں مکمل کیا جائے اور تعمیراتی کاموں میں معیار کو ہر صورت یقینی بنایا جائے۔

انہوں نے واضح کیا کہ عوامی فلاح و بہبود کے منصوبوں میں تاخیر برداشت نہیں کی جائے گی ۔دورہ کے دوران صوبائی وزیر نے اہلِ علاقہ سے ملاقاتیں بھی کیں،ان کے مسائل سنے اور ان کے حل کے لیے موقع پر ہی متعلقہ حکام کو ضروری ہدایات جاری کیں۔ انہوں نے کہا کہ عوامی مسائل کے حل کے لیے براہِ راست رابطہ اور عوامی ضروریات کے مطابق ترقیاتی کاموں کی تکمیل ناگزیر ہے۔ملک فیصل ایوب کھوکھر نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب کے وژن کے مطابق عوام کو ان کی دہلیز پر بنیادی سہولیات کی فراہمی اور ترقیاتی عمل کو تیز کرنا حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے۔ پی پی 168 سمیت پورے علاقے میں عوامی ضروریات کو مدنظر رکھتے ہوئے ترقیاتی منصوبوں پر کام جاری رکھا جائے گا تاکہ شہریوں کو بہتر ماحول اور معیاری سہولیات میسر آ سکیں۔اس موقع پر اہلِ علاقہ نے صوبائی وزیر ملک فیصل ایوب کھوکھر کا خیرمقدم کیا اور علاقے میں ترقیاتی کاموں کے آغاز اور بنیادی سہولیات کی فراہمی کے اقدامات پر ان کا شکریہ ادا کیا۔