بلوچستان فوڈ اتھارٹی (بی ایف اے)نے کوئٹہ کے ایئرپورٹ روڈ اور گردونواح سمیت سبی میں مختلف فوڈ بزنس یونٹس کے خلاف کارروائیاں کرتے ہوئے 2 ریسٹورنٹس سیل، 18 فوڈ یونٹس پر جرمانے عائد اور متعدد مراکز کو اصلاحی نوٹسز جاری کر دیے۔بلوچستان فوڈ اتھارٹی کے مطابق ڈائریکٹر جنرل بی ایف اے کی ہدایات پر ڈائریکٹر آپریشنز کی سربراہی میں کوئٹہ کے ایئرپورٹ روڈ اور گردونواح میں ریسٹورنٹس، سپر سٹورز، کیفے …
کوئٹہ، سبی میں بلوچستان فوڈ اتھارٹی کی کارروائیاں، 2 ریسٹورنٹس سیل، 18 فوڈ یونٹس پر جرمانے عائد

مزید خبریں
کوئٹہ۔ 19 اکتوبر (اے پی پی):بلوچستان فوڈ اتھارٹی (بی ایف اے)نے کوئٹہ کے ایئرپورٹ روڈ اور گردونواح سمیت سبی میں مختلف فوڈ بزنس یونٹس کے خلاف کارروائیاں کرتے ہوئے 2 ریسٹورنٹس سیل، 18 فوڈ یونٹس پر جرمانے عائد اور متعدد مراکز کو اصلاحی نوٹسز جاری کر دیے۔بلوچستان فوڈ اتھارٹی کے مطابق ڈائریکٹر جنرل بی ایف اے کی ہدایات پر ڈائریکٹر آپریشنز کی سربراہی میں کوئٹہ کے ایئرپورٹ روڈ اور گردونواح میں ریسٹورنٹس، سپر سٹورز، کیفے اور بیکریوں کا معائنہ کیا گیا۔ اس دوران صفائی کے ناقص انتظامات، خوراک کو غیر محفوظ طریقے سے ذخیرہ کرنے، گندے ریفریجریٹرز، حشرات کی موجودگی اور حفظان صحت کے اصولوں کی خلاف ورزیوں پر کارروائی کی گئی۔معائنے کے دوران مختلف سپر سٹورز سے چپس، بسکٹ، کافی، مصالحہ جات، میکرونی، چیا سیڈز اور دیگر اشیا سمیت بڑی مقدار میں زائدالمیعاد مصنوعات برآمد ہوئیں۔
بعض مقامات پر بغیر لیبل اور رجسٹریشن کے چائے کی پیکنگ، ناقابلِ سراغ کوکنگ آئل اور حشرات سے بچائو کے موثر انتظامات کی عدم موجودگی بھی سامنے آئی۔اتھارٹی کے مطابق بعض بیکریوں میں زائدالمیعاد اشیا، مٹھائیوں میں حشرات، مصنوعات پر تیاری اور میعادِ استعمال کی تاریخیں درج نہ ہونے اور غیر قانونی سٹیمپنگ کی خلاف ورزیاں پائی گئیں۔ اسی طرح بعض کیفے میں دودھ کے اندر مکھیاں، فریزر میں پھپھوندی، پکی اور کچی اشیائے خوراک کو ایک ساتھ رکھنے اور فوڈ بزنس لائسنس کے بغیر کاروبار کرنے کا انکشاف ہوا۔بلوچستان فوڈ اتھارٹی نے انتہائی ناقص صفائی، خوراک کی غیر محفوظ ذخیرہ اندوزی، حشرات کی موجودگی، ممنوعہ چائنیز نمک کے استعمال اور اخبارات میں خوراک رکھنے جیسی سنگین خلاف ورزیوں پر 2 ریسٹورنٹس کو سیل کر دیا جبکہ 13 فوڈ بزنس یونٹس پر جرمانے عائد کیے گئے اور متعدد مراکز کو اصلاحی نوٹسز جاری کیے گئے۔دوسری جانب سبی میں بلوچستان فوڈ اتھارٹی کی فوڈ سیفٹی ٹیم نے چاکر روڈ، جوہر روڈ اور انارکلی مارکیٹ میں کارروائیاں کرتے ہوئے قوانین کی خلاف ورزی پر 5 جنرل سٹورز پر جرمانے عائد اور 6 یونٹس کو اصلاحی نوٹسز جاری کیے۔
اتھارٹی کے مطابق 3 جنرل سٹورز پر زائدالمیعاد برفی اور ممنوعہ گٹکے کی موجودگی پر جرمانے کیے گئے جبکہ 2 دیگر جنرل سٹورز کے مالکان کو غیر صحت بخش ماحول اور فوڈ بزنس لائسنس کے بغیر کاروبار کرنے پر جرمانے عائد کیے گئے۔ معائنے کے دوران 9 یونٹس کو تسلی بخش پایا گیا جبکہ دیگر مراکز کو حفظان صحت کے اصولوں پر عملدرآمد یقینی بنانے کے لیے اصلاحی نوٹسز جاری کیے گئے۔بلوچستان فوڈ اتھارٹی نے کہا ہے کہ عوام کو محفوظ، معیاری اور صحت بخش خوراک کی فراہمی یقینی بنانے کے لیے صوبے بھر میں معائنوں اور قوانین پر عملدرآمد کی کارروائیاں جاری رکھی جائیں گی۔








