انسانی اسمگلرز اور ویزا فراڈ میں ملوث دو ملزمان گرفتار

وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) لاہور زون نے انسانی اسمگلنگ، مائیگرنٹ سمگلنگ اور ویزا فراڈ میں ملوث عناصر کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے دو ملزمان کو گجرات کے مختلف علاقوں سے گرفتار کر لیا

لاہور۔4نومبر (اے پی پی):وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) لاہور زون نے انسانی اسمگلنگ، مائیگرنٹ سمگلنگ اور ویزا فراڈ میں ملوث عناصر کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے دو ملزمان کو گجرات کے مختلف علاقوں سے گرفتار کر لیا۔ترجمان ایف آئی اے کے مطابق گرفتار ملزمان کی شناخت غلام عباس اور چوہدری عدنان اکرم ورک کے نام سے ہوئی ہے۔ ملزم غلام عباس نے ایک شہری کو اٹلی کا ورک ویزہ دلوانے کا جھانسہ دے کر 27 لاکھ روپے ہتھیائے جبکہ وہ سال 2023 سے ایف آئی اے لاہور کو مطلوب تھا۔ترجمان نے بتایا کہ دوسرے ملزم چوہدری عدنان اکرم ورک نے شہریوں کو نیدرلینڈز کا ورک ویزہ دلوانے کا جھانسہ دے کر 40 لاکھ روپے وصول کیے۔ایف آئی اے حکام نے دونوں ملزمان کو گرفتار کرکے تفتیش کا آغاز کر دیا ہے جبکہ انسانی اسمگلنگ اور ویزا فراڈ میں ملوث عناصر کے خلاف کارروائیاں جاری ہیں۔