سعودی عرب اور اقوام متحدہ نے 2027ء سے 2029ء کے عرصے کے لیے شفافیت کو فروغ دینے اور کرپشن کے خاتمے کے شعبوں میں صلاحیتوں کی تعمیر کے پروگراموں پر عمل درآمد کے لیے ایک معاہدے پر دستخط کیے ہیں
کرپشن خاتمے کے لیے تربیت، سعودی عرب اور اقوام متحدہ کے درمیان معاہدہ

مزید خبریں
ریاض۔7نومبر (اے پی پی):سعودی عرب اور اقوام متحدہ نے 2027ء سے 2029ء کے عرصے کے لیے شفافیت کو فروغ دینے اور کرپشن کے خاتمے کے شعبوں میں صلاحیتوں کی تعمیر کے پروگراموں پر عمل درآمد کے لیے ایک معاہدے پر دستخط کیے ہیں۔العربیہ کے مطابق معاہدے پر کنٹرول اینڈ اینٹی کرپشن اتھارٹی "نزاہت” کے سربراہ مازن الکہموس اور ویانا میں اقوام متحدہ کے دفتر کی ڈائریکٹر جنرل اور اقوام متحدہ کے دفتر برائے منشیات و جرائم کی ایگزیکٹو ڈائریکٹر ڈاکٹر مونیکا جوما نے ویانا میں اقوام متحدہ کے ہیڈ کوارٹر میں دستخط کیے۔اس معاہدے کا مقصد شفافیت کی حفاظت اور کرپشن کے خاتمے کے شعبوں میں ادارہ جاتی صلاحیتوں کی تعمیر، کرپشن کے خاتمے سے متعلقہ شعبوں میں صلاحیتوں کو فروغ دینا اور مخصوص پروگراموں اور سرگرمیوں پر عمل درآمد کے ذریعے مشترکہ تعاون کو فروغ دینا ہے تاکہ اس سے کرپشن کی روک تھام اور اس کے خاتمے کی کوششوں کو مدد ملے۔یاد رہے یہ معاہدہ سعودی عرب، جس کی نمائندگی "نزاہت” کر رہی ہے، اور اقوام متحدہ، جس کی نمائندگی اقوام متحدہ کے دفتر برائے منشیات و جرائم کر رہا ہے، کے درمیان 2018ء میں دستخط شدہ مفاہمتی یادداشت کے فریم ورک کے تحت سٹریٹجک شراکت داری کو مضبوط بناتا ہے۔







