مکہ دفاعی اتحاد کے بعد پاکستان اور ترکیہ کے تعلقات نئی بلندیوں کو چھو رہے ہیں ، ڈاکٹر عرفان نذیر اوغلو

پاکستان میں جمہوریہ ترکیہ کے سفیر ڈاکٹر عرفان نذیر اوغلو نے کہا ہے کہ مکہ دفاعی اتحاد کے بعد پاکستان اور ترکیہ کے تعلقات نئی بلندیوں کو چھو رہے ہیں لیکن باہمی تعاون کے امکانات بے پناہ ہیں، اس لیے ہمیں اپنے مشترکہ وژن کے تحت ٹھوس کامیابیوں کے حصول کے لیے مسلسل کام کرنا ہے۔ اس بات کا اظہار انہوں نے دوست: پاکستان ترکیے فرینڈ شپ فورم کے زیر …

اسلام آباد۔7نومبر (اے پی پی):پاکستان میں جمہوریہ ترکیہ کے سفیر ڈاکٹر عرفان نذیر اوغلو نے کہا ہے کہ مکہ دفاعی اتحاد کے بعد پاکستان اور ترکیہ کے تعلقات نئی بلندیوں کو چھو رہے ہیں لیکن باہمی تعاون کے امکانات بے پناہ ہیں، اس لیے ہمیں اپنے مشترکہ وژن کے تحت ٹھوس کامیابیوں کے حصول کے لیے مسلسل کام کرنا ہے۔ اس بات کا اظہار انہوں نے دوست: پاکستان ترکیے فرینڈ شپ فورم کے زیر اہتمام بین الاقوامی ویبینار سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ترک سفیر نے کہا کہ ہمارے دوطرفہ گہرے تعلقات کی بنیاد ادارہ جاتی تعاون کے علاوہ عوام کے درمیان پر خلوص دوستی اور اٹوٹ رشتے ہیں۔

اس سلسلے میں دوست: پاکستان ترکیے فرینڈ شپ فورم کی خدمات ناقابل فراموش ہیں جنھیں میں خراج تحسین پیش کرتا ہوں۔ علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر ناصر محمود نے کہا کہ اس وقت دنیا میں طاقت کا توازن تبدیل ہو رہا ہے۔ اس مرحلے پر مسلم دنیا کی تین طاقت ور اقوام کے درمیان دفاعی معاہدہ تاریخ کی ایک غیر معمولی کروٹ ہے۔ مسلم دنیا کے درمیان اس تعاون کو فایدہ مند بنانے کے لیے علمی اور تعلیمی تعاون میں مزید اضافے اور دفاعی تعاون کو تجارتی تعاون تک وسعت دینے کی ضرورت ہے۔

نیشنل رحمۃ للعالمین و خاتم النبیین اتھارٹی پاکستان کے چیئرمین ڈاکٹر خورشید احمد ندیم نے کہا کہ علامہ اقبال نے مسلم اقوام کے لیے لیگ آف نیشنز کے قیام کا نظریہ پیش کیا تھا، مکہ دفاعی اتحاد اسی منزل کی طرف شاندار پیش رفت ہے۔ انھوں نے کہا کہ ترک جمہوریت میں ریاست اور عوامی عقیدے کے درمیان جو توازن قائم کیا گیا ہے، وہ پاکستان ہی نہیں پوری مسلم دنیا کے لیے قابل تقلید ہے۔

اس موقع پر کراچی میں ترکیے کے سابق قونصل جنرل ڈاکٹر جمال سانگو، ممتاز دانش ور ڈاکٹر سعادت سعید، دوست: پاکستان ترکیے فرینڈ شپ فورم کے صدر ڈاکٹر فاروق عادل، نائب صدر پروفیسر ڈاکٹر خلیل طوقار، سیکرٹری جنرل ڈاکٹر زاہد مجید، ڈاکٹر محمد کامران، پروفیسر ڈاکٹر صدف نقوی اور ترکیہ میں پاکستان کے اعزازی بزنس قونصلر احمد خان نے بھی خطاب کیا۔فورم نے اس موقع پر اعلان کیا کہ دوست: پاکستان ترکیے فرینڈ شپ فورم جلد ہی سلطنت مغلیہ کے پانچ سو سالہ جشن کے سلسلے میں ایک بین الاقوامی سیمینار کا اہتمام کرے گا۔ اس موقع پر ایک تحقیقی کتاب بھی شائع کی جائے گی۔

مزید خبریں