ماؤں اور نوزائیدہ بچوں کی صحت کے لیے اہم اقدام، پولی کلینک میں مڈوائفز کا 10 روزہ تربیتی پروگرام مکمل

ماؤں اور نوزائیدہ بچوں کو معیاری صحت کی سہولیات کی فراہمی بہتر بنانے کے لیے فیڈرل گورنمنٹ پولی کلینک کے مدر اینڈ چائلڈ ہیلتھ (ایم سی ایچ) سینٹر میں مڈوائفز کے لیے 10 روزہ تربیتی پروگرام منعقد کیا گیا۔پاکستان نیشنل فورم آن ویمنز ہیلتھ (پی این ایف ڈبلیو ایچ) نے اقوام متحدہ کے پاپولیشن فنڈ (یو این ایف پی اے) کے تعاون سے تربیتی پروگرام کا انعقاد کیاجو اسلام آباد …

اسلام آباد۔7نومبر (اے پی پی):ماؤں اور نوزائیدہ بچوں کو معیاری صحت کی سہولیات کی فراہمی بہتر بنانے کے لیے فیڈرل گورنمنٹ پولی کلینک کے مدر اینڈ چائلڈ ہیلتھ (ایم سی ایچ) سینٹر میں مڈوائفز کے لیے 10 روزہ تربیتی پروگرام منعقد کیا گیا۔پاکستان نیشنل فورم آن ویمنز ہیلتھ (پی این ایف ڈبلیو ایچ) نے اقوام متحدہ کے پاپولیشن فنڈ (یو این ایف پی اے) کے تعاون سے تربیتی پروگرام کا انعقاد کیاجو اسلام آباد کی مڈوائفری لیڈ کیئر یونٹ (ایم ایل سی یو) میں خدمات انجام دینے والی مڈوائفز کے لیے تیسرا تربیتی سیشن تھا۔

تجربہ کار ماسٹر ٹرینرز کی رہنمائی میں شرکاء کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں، عملی مہارتوں اور اعتماد میں اضافے پر توجہ دی گئی تاکہ وہ حاملہ خواتین اور ماؤں کو معیاری، خواتین پر مرکوز اور باوقار زچگی کی سہولیات فراہم کر سکیں۔تربیتی پروگرام میں زچگی کی بنیادی صحت سے متعلق عملی مشقیں شامل تھیں، جن میں باوقار زچگی کی دیکھ بھال، ماں کا دودھ پلانے میں معاونت اور بچے کو دودھ پلانے کی درست پوزیشن کے حوالے سے خصوصی تربیت دی گئی۔

شرکاء نے عملی تربیت کے مواقع کوسراہتے ہوئے کہا کہ ماؤں کے ساتھ براہ راست رابطے سے انہیں ہمدردانہ اور شواہد پر مبنی زچگی کی دیکھ بھال کے طریقوں کو بہتر طور پر سمجھنے میں مدد ملی۔اس اقدام کا مقصد زچگی کی صحت کی سہولیات کی فراہمی میں تربیت یافتہ مڈوائفز کے کردار کو مضبوط بنانا اور پیشہ ورانہ تربیت کے ذریعے محفوظ حمل، زچگی اور بعد از پیدائش نگہداشت کو فروغ دینا ہے۔

 

مزید خبریں