فیفا صدارتی انتخاب، جیانی انفینٹینوکی دوبارہ کامیابی یقینی ہے، ہاشم حیدر

ایشین فٹ بال کنفیڈریشن کے نائب صدر ہاشم حیدر نے دعویٰ کیا ہے کہ فیفا کے موجودہ صدر جیانی انفینٹینو کی دوبارہ انتخاب میں کامیابی تقریباً یقینی ہے اور انہیں عالمی سطح پر مضبوط حمایت حاصل ہے

بیروت۔11نومبر (اے پی پی):ایشین فٹ بال کنفیڈریشن کے نائب صدر ہاشم حیدر نے دعویٰ کیا ہے کہ فیفا کے موجودہ صدر جیانی انفینٹینو کی دوبارہ انتخاب میں کامیابی تقریباً یقینی ہے اور انہیں عالمی سطح پر مضبوط حمایت حاصل ہے۔اے ایف پی کے مطابق لبنانی فٹ بال فیڈریشن کے صدر ہاشم حیدر نے لبنان میں ایک تقریب کے دوران کہا کہ ان کا ادارہ کھل کر جیانی انفینٹینو کی حمایت کرتا ہے۔جیانی انفینٹینو کو رواں سال جولائی میں ورلڈ کپ کے تجارتی حقوق فروخت کرنے کے منصوبے کے انکشاف کے بعد شدید تنقید اور عہدہ چھوڑنے کے مطالبات کا سامنا کرنا پڑا تھا۔ ابتدا میں یورپی فٹ بال کنفیڈریشن، شمالی امریکا کی کونکاکاف اور ایشین فٹ بال کنفیڈریشن نے بھی ان کے منصوبے کی مخالفت کی تھی۔تاہم ایشین فٹ بال کنفیڈریشن نے گزشتہ ماہ اپنا مؤقف تبدیل کرتے ہوئے 56 سالہ جیانی انفینٹینو کی حمایت کا اعلان کر دیا، جس کے بعد مارچ میں ہونے والے فیفا صدارتی انتخاب میں ان کی پوزیشن مضبوط دکھائی دے رہی ہے۔دوسری جانب جاپان فٹ بال ایسوسی ایشن کے اعزازی صدر کوزو تاشیما نے گزشتہ ہفتے جیانی انفینٹینو کے مقابلے میں صدارتی انتخاب لڑنے کا اعلان کیا ہے۔ہاشم حیدر کا کہنا تھا کہ تاشیما کو چند ووٹ مل سکتے ہیں، تاہم دنیا کے مختلف خطوں میں حمایت اور روابط حاصل کیے بغیر فیفا کی صدارت کے لیے مقابلہ کرنا مشکل ہوگا۔