آئی سی سی بورڈ اور مختلف کمیٹیوں کے اہم اجلاس انڈونیشیا میں شروع

انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی)کے بورڈ اور مختلف کمیٹیوں کے اہم اجلاس انڈونیشیا کے شہر بالی میں شروع ہوگئے ہیں، جو 11 سے 15 نومبر تک جاری رہیں گے

لاہور۔11نومبر (اے پی پی):انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی)کے بورڈ اور مختلف کمیٹیوں کے اہم اجلاس انڈونیشیا کے شہر بالی میں شروع ہوگئے ہیں، جو 11 سے 15 نومبر تک جاری رہیں گے۔ ان اجلاسوں میں دنیا بھر سے آئی سی سی بورڈ اور کمیٹیوں کے نمائندے شرکت کر رہے ہیں جبکہ ان کا اختتام آئی سی سی اور آئی بی سی بورڈ کے اجلاسوں پر ہوگا۔آئی سی سی کے مطابق سال 2026 کے آخری اجلاسوں کا بنیادی مقصد کرکٹ کے مستقبل کے حوالے سے اہم فیصلوں، کھیل کے مختلف فارمیٹس، عالمی ایونٹس، تجارتی استحکام اور انتظامی ڈھانچے کو مزید موثر بنانے کے لیے مشاورت کرنا ہے۔ ان اجلاسوں میں کرکٹ کے عالمی فروغ، شائقین کی تعداد میں اضافے اور کھیل کو مزید ممالک تک پھیلانے کے لیے حکمت عملی پر بھی غور کیا جائے گا۔اجلاسوں کے دوران فرنچائز لیگ ریویو گروپ اور گورننس ریویو کمیٹی اپنی ابتدائی سفارشات اور پیش رفت سے آگاہ کریں گی۔ دونوں کمیٹیاں جولائی 2026 میں منعقدہ آئی سی سی سالانہ کانفرنس کے دوران قائم کی گئی تھیں۔فرنچائز لیگ ریویو گروپ دنیا بھر میں تیزی سے بڑھتی ہوئی ٹی ٹونٹی لیگز کے تناظر میں آئی سی سی کے موجودہ منظوری کے نظام اور ضابطوں کا جائزہ لے رہا ہے۔ اس کا مقصد فرنچائز کرکٹ کے بڑھتے ہوئے رجحان سے پیدا ہونے والے نئے چیلنجز سے نمٹنا اور عالمی کرکٹ کے نظام کو محفوظ، مستحکم اور متوازن بنانا ہے۔دوسری جانب گورننس ریویو کمیٹی آئی سی سی کے انتظامی اور حکومتی ڈھانچے کا تفصیلی جائزہ لینے کے بعد اپنی ابتدائی تجاویز پیش کرے گی، جن کا مقصد عالمی کرکٹ کے انتظامی معاملات کو مزید شفاف اور موثربنانا ہے۔اجلاسوں میں آئی سی سی ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ کے 2027-29 اور 2029-31 کے سائیکلز کے لیے ممکنہ مقابلوں کی تجاویز بھی پیش کی جائیں گی جبکہ 2028 سے 2035 تک مردوں کے تمام بڑے آئی سی سی ایونٹس کے انعقاد کے لیے مجوزہ ونڈوز منظوری کے لیے پیش ہوں گی۔آئی سی سی ڈویلپمنٹ کمیٹی کی جانب سے کوالیفائنگ ایونٹس کے حوالے سے بھی اہم پیش رفت پیش کی جائے گی۔ کمیٹی نے عالمی ایونٹس کے لیے ایسے کوالیفکیشن فریم ورک کی تیاری میں کردار ادا کیا ہے، جس کے ذریعے بالخصوص ابھرتے ہوئے کرکٹ ممالک کو زیادہ مواقع فراہم کیے جا سکیں اور کوالیفائنگ کے ہر مرحلے کو مزید مسابقتی بنایا جا سکے۔اس کے علاوہ افغان پناہ گزین خواتین کرکٹرز کے لیے قائم ٹاسک فورس بھی ڈویلپمنٹ پاتھ وے پروگرام کے آئندہ لائحہ عمل سے آئی سی سی بورڈ کو آگاہ کرے گی۔ آئی سی سی کے ڈی آر ایس ایکریڈیٹیشن پروگرام پر بھی چیف ایگزیکٹو کمیٹی اور آئی سی سی بورڈ میں غور کیا جائے گا۔آئی سی سی کے چیئرمین جے شاہ نے اجلاسوں کی اہمیت پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ بورڈ اور کمیٹیوں کے یہ اجلاس عالمی کرکٹ کے انتظامی ادارے کے طور پر آئی سی سی کی مضبوطی اور اجتماعی تعاون کی عکاسی کرتے ہیں۔ دنیا بھر کے رکن ممالک کے ڈائریکٹرز اور چیف ایگزیکٹوز کی شرکت مختلف نقطہ ہائے نظر کے تبادلے، باہمی تعاون کو فروغ دینے اور کرکٹ کے مستقبل کے لیے مشترکہ حکمت عملی تشکیل دینے کا اہم موقع فراہم کرتی ہے۔جے شاہ کا کہنا تھا کہ آئی سی سی ایک مضبوط، جامع اور پائیدار عالمی کرکٹ نظام کی تشکیل کے لیے پرعزم ہے۔ انڈونیشیا میں اجلاسوں کا انعقاد بھی اس ملک میں کرکٹ کے بڑھتے ہوئے رجحان اور کھیل کے فروغ کے لیے جاری کوششوں کا اعتراف ہے۔ بالی میں نئے کرکٹ گرائونڈز کی تعمیر اور انڈونیشین کرکٹ فیڈریشن کی سرگرمیاں اس بات کا ثبوت ہیں کہ خطے میں کرکٹ کے لیے مضبوط بنیادیں قائم کی جا رہی ہیں۔انڈونیشین کرکٹ فیڈریشن کے چیئرمین ابھیرام سنگھ یادو نے بالی میں آئی سی سی کے اہم اجلاسوں کی میزبانی کا موقع فراہم کرنے پر جے شاہ کا شکریہ ادا کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ انڈونیشیا عالمی کرکٹ برادری کی میزبانی پر فخر محسوس کرتا ہے اور انہیں امید ہے کہ اس موقع سے ملک میں کھلاڑیوں، شائقین اور نوجوان کرکٹرز کو کھیل کی جانب راغب کرنے میں مدد ملے گی۔