ایس آئی ایف سی اور خیبر پختونخوا حکومت کا کاروباری سرگرمیوں اور سرمایہ کاری کے فروغ کے لیے مشترکہ اقدامات تیز کرنے پر اتفاق

خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل (ایس آئی ایف سی) اور خیبر پختونخوا حکومت نے صوبے میں کاروباری سرگرمیوں کے فروغ، سرمایہ کاری کے مواقع بڑھانے اور صنعتی ترقی کے لیے مشترکہ اقدامات تیز کرنے پر اتفاق کیا ہے

اسلام آباد۔11نومبر (اے پی پی):خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل (ایس آئی ایف سی) اور خیبر پختونخوا حکومت نے صوبے میں کاروباری سرگرمیوں کے فروغ، سرمایہ کاری کے مواقع بڑھانے اور صنعتی ترقی کے لیے مشترکہ اقدامات تیز کرنے پر اتفاق کیا ہے۔ایس آ ئی ایف سی کے مطابق اس سلسلے میں ایس آئی ایف سی کے اعلیٰ حکام نے خیبر پختونخوا کا دورہ کیا، جہاں چیف سیکرٹری خیبر پختونخوا اور مختلف چیمبرز آف کامرس کے نمائندوں سے اہم ملاقاتیں کی گئیں۔ملاقاتوں کے دوران آسان کاروبار ایکٹ، نیشنل بزنس پورٹل اور بزنس فسیلیٹیشن سینٹرز کے ذریعے کاروباری برادری کو سہولتیں فراہم کرنے، کاروباری طریقہ کار آسان بنانے اور سرمایہ کاری کی راہ میں حائل رکاوٹیں دور کرنے کے اقدامات پر بریفنگ دی گئی۔اس موقع پر حطار، رشکئی اور درابن سپیشل اکنامک زونز کی ترقی، صنعتی استعداد میں اضافے اور ان زونز میں سرمایہ کاری کے فروغ سے متعلق امور بھی زیر بحث آئے۔ایس آئی ایف سی حکام نے کاروباری برادری کو درپیش مسائل کے حل اور کاروباری رکاوٹوں کے خاتمے کے لیے ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی۔ایس آئی ایف سی صوبائی حکومتوں کے اشتراک سے ملکی و غیر ملکی سرمایہ کاروں کو سازگار کاروباری ماحول فراہم کرنے، سرمایہ کاری کے عمل کو آسان بنانے اور صنعتی و معاشی ترقی کے لیے سہولت کاری جاری رکھے ہوئے ہے۔

مزید خبریں