پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) نے دوران پرواز سیٹلائٹ کے ذریعے ٹیلی کمیونیکیشن سروسز (ان فلائٹ ٹیلی کمیونیکیشن سروسز-آئی ٹی ایس) کی فراہمی کے لیے لائسنسنگ فریم ورک کو حتمی شکل دے دی ہے
دوران پرواز سیٹلائٹ کے ذریعے ٹیلی کمیونیکیشن سروسز کی فراہمی، پی ٹی اے نے لائسنسنگ فریم ورک کو حتمی شکل دیدی

مزید خبریں
اسلام آباد۔17نومبر (اے پی پی):پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) نے دوران پرواز سیٹلائٹ کے ذریعے ٹیلی کمیونیکیشن سروسز (ان فلائٹ ٹیلی کمیونیکیشن سروسز-آئی ٹی ایس) کی فراہمی کے لیے لائسنسنگ فریم ورک کو حتمی شکل دے دی ہے۔ اس اقدام سے فضائی سفر کے دوران مسافروں کو بہتر انٹرنیٹ اور مواصلاتی سہولیات کی فراہمی کی راہ ہموار ہوگی۔اس فریم ورک کے تحت لائسنس یافتہ سروس فراہم کنندگان پاکستان سپیس ایکٹیویٹیز ریگولیٹری بورڈ (پی ایس اے آر بی) کے ساتھ رجسٹرڈ سیٹلائٹس کے ذریعے پی ٹی اے کی لائسنسنگ شرائط و ضوابط کے مطابق پاکستان میں رجسٹرڈ طیاروں کو ٹیلی کمیونیکیشن سروسز فراہم کر سکیں گے۔
پاکستان کی فضائی حدود سے گزرنے والے ٹرانزٹ طیاروں کے لیے متعلقہ شرائط و ضوابط کی تکمیل سے مشروط پی ٹی اے سے این او سی سرٹیفکیٹ حاصل کرنا ضروری ہوگا۔ترجمان پی ٹی اے کے مطابق دوران پرواز ٹیلی کمیونیکیشن سروسز کے آغاز سے مسافروں کو بلاتعطل انٹرنیٹ کی سہولت میسر آئیں گی،جس کے ذریعے وہ فضائی سفر کے دوران ڈیجیٹل خدمات، تفریحی مواد، ذاتی رابطوں اور پیشہ ورانہ امور سے متعلق آن لائن سہولیات سے مستفید ہوسکیں گے۔یہ اقدام ملک میں ڈیجیٹل رابطوں کے فروغ کے لیے پی ٹی اے کی کاوشوں کا تسلسل ہے
جس کا مقصد زمینی ٹیلی کمیونیکیشن نیٹ ورکس کے ساتھ ساتھ فضائی سفر کے دوران بھی مسافروں کو جدید، موثر اور بلاتعطل مواصلاتی سہولیات کی فراہمی یقینی بنانا ہے۔







