عوام میں صوبوں کے حوالے سے بحث پوری شدت سے جاری ہے، ریفرنڈم آئین کا حصہ ہے، عوام کی مرضی معلوم کرنے پر کسی کو تحفظات نہیں ہونے چاہئیں، وفاقی وزیر اطلاعات عطاء اللہ تارڑ کا بلاول بھٹو زرداری کے بیان پر ردعمل

وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ نے کہا ہے کہ صوبوں کے حوالے سے بحث عوام میں پوری شدت سے جاری ہے، گڈ گورننس، اصلاحات اور عوامی فلاح و بہبود تمام حکومتوں کا ایجنڈا ہے، عوام اچھی اور بہترین حکومت چاہتے ہیں، عوام ہی حتمی فیصلہ ساز ہیں

اسلام آباد۔17نومبر (اے پی پی):وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ نے کہا ہے کہ صوبوں کے حوالے سے بحث عوام میں پوری شدت سے جاری ہے، گڈ گورننس، اصلاحات اور عوامی فلاح و بہبود تمام حکومتوں کا ایجنڈا ہے، عوام اچھی اور بہترین حکومت چاہتے ہیں، عوام ہی حتمی فیصلہ ساز ہیں، ریفرنڈم آئین کا حصہ اور عوامی رائے جاننے کا آئینی طریقہ کار ہے، کسی کو عوام کے پاس جانے اور ان کی مرضی معلوم کرنے پر تحفظات نہیں ہونے چاہئیں۔ منگل کو پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کے بیان پر ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ اس وقت ملک میں گڈ گورننس کے حوالے سے بحث جاری ہے، عوام اچھی اور جوابدہ حکومت چاہتے ہیں، یہی ان کا حقیقی مسئلہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم اس نظام کا دہائیوں سے حصہ رہے ہیں اس لئے آج ہم خود کو نظام کی کمزوریوں سے الگ نہیں کر سکتے۔ انہوں نے کہا کہ سیاست کی آڑ میں احتساب سے مبرا ہونے کی بات کو قانون اور عوام دونوں مسترد کرتے ہیں، اس کی کوئی گنجائش نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ نیب میں اصلاحات بھی خود کیں اور اب اسی ادارے کو موردِ الزام ٹھہرانا سمجھ سے بالاتر ہے۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ بیک وقت حکومت کے مزے لینا اور اپوزیشن کا کردار ادا کرنا، پروٹوکول اور عہدے بھی برقرار رکھنا ایک بڑا تضاد اور دوہرا معیار ہے۔

انہوں نے کہا کہ آج کی گفتگو کے پیچھے اصل مسئلہ صوبوں کی جاری بحث ہے اور عوام میں یہ بحث پوری شدت سے جاری ہے، کیا لوگوں کی آواز بند کر دی جائے اور انہیں گورننس میں بہتری کی بات کرنے سے روک دیا جائے؟ یہ بحث پارلیمان کے اندر بھی ہوگی اور باہر بھی، عوام سے بات کرنے اور ان کی فلاح و بہبود سے متعلق امور پر بحث کا حق نہیں چھینا جا سکتا۔ انہوں نے کہا کہ جمہوری اور سیاسی عمل کا تقاضا ہے کہ یہ بحث جاری رہے اور عوام کو اس میں حصہ لینے کا موقع دیا جائے۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ اصل سوال یہ ہے کہ اس معاملے پر عوام کے پاس جانے میں کیا مسئلہ ہے؟ انہوں نے کہا کہ عوام کیا چاہتے ہیں، اس کا فیصلہ آپ اور ہم نے نہیں کرنا بلکہ یہ فیصلہ عوام نے خود کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کسی بھی سیاسی جماعت کو عوام سے رجوع کرنے پر کوئی تحفظات نہیں ہونے چاہئیں، جب آئین کے تحت عوام کی رائے اور منشا سامنے آئے گی اور انتظامی اصلاحات کے حوالے سے عوام اپنی خواہشات کا اظہار کریں گے تو یہ کوئی چور دروازہ نہیں ہوگا، ریفرنڈم آئین کا حصہ اور ایک آئینی و قانونی طریقہ کار ہے۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ عوام ہی حتمی فیصلہ ساز ہیں، گڈ گورننس ہر سیاسی جماعت کے منشور کا حصہ ہے، اس سے کسی سیاسی جماعت کو انکار نہیں ہو سکتا۔

انہوں نے کہا کہ کسی بھی استصواب رائے میں بھرپور شرکت عوام کا حق ہے اور آئین کی منشا بھی یہی ہے۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ عوامی نمائندے عوام سے ہیں، عوام نمائندوں سے نہیں، عوام ہی حتمی فیصلہ ساز ہیں، اگر پاکستان اور سندھ کے عوام مزید صوبے چاہتے ہیں تو بنا دیں ورنہ نہ بنائیں، یہ بات پہلے بھی واضح طور پر ہو چکی ہے۔ انہوں نے کہا کہ چھوٹے انتظامی یونٹس کے قیام کو تنازع بنانے کے بجائے تعمیری انداز میں دیکھا جانا چاہیے، اس معاملے پر خون بہانے تک کی بات کرنا کیا سیاسی بصیرت اور پختگی کا مظاہرہ ہے؟ ۔وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ اگر ماضی میں ریفرنڈم کو غیر جمہوری انداز میں استعمال کیا گیا تو کیا اس کی آڑ میں عوام کو ان کے جمہوری حق اور گڈ گورننس سے محروم رکھا جا سکتا ہے؟ انہوں نے کہا کہ اگر ماضی میں ریفرنڈم کا غلط استعمال ہوا تھا تو اب ریفرنڈم نہیں ہونا چاہئے تو یہ کوئی جواز نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ آپ فساد کا ذکر کیوں کرتے ہیں، عوام کی مرضی کی بات کیوں نہیں کرتے؟ سندھ، پنجاب، خیبر پختونخوا اور بلوچستان کے عوام کی رائے جانے بغیر کوئی بھی شخص اپنی ذاتی سوچ یا ایجنڈا دوسروں پر مسلط نہیں کر سکتا۔ انہوں نے کہا کہ ہم ایک ہی حکومت کا حصہ ہیں

آئیں مل بیٹھ کر عوام کی بہتری اور ملک کے مفاد میں ایسا فیصلہ کریں جو عوام کی رائے پر مبنی ہو، عوام کی رائے جاننے کا بہترین ذریعہ ریفرنڈم ہو سکتا ہے تو اس میں کیا حرج ہے۔ انہوں نے کہا کہ میڈیا اور بالخصوص صحافیوں کے حقوق کے تحفظ کے لیے بھرپور کام کیا گیا ہے۔ سندھ میں صحافیوں سے متعلق ایسے کئی واقعات کی نشاندہی کی جا سکتی ہے جہاں ان کا استحصال ہوا، ایسے معاملات کا بھرپور نوٹس لیا جانا چاہیے۔ یہ صرف کسی ایک صوبے کا معاملہ نہیں۔ ہم صحافیوں کے تحفظ کے لیے بھرپور کردار ادا کر رہے ہیں اور کرتے رہیں گے۔ سندھ حکومت کو بھی اس حوالے سے اپنا بھرپور کردار ادا کرنا چاہیے۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ آج کی گفتگو کے حوالے سے عوامی رائے کو دبانے کا تاثر نہیں جانا چاہیے، اس معاملے پر کھل کر بحث ہونی چاہیے، بحث ختم کرنے کا تاثر دینا کسی طور پرمناسب نہیں۔ انہوں نے کہا کہ آپ بھی حکومت کا حصہ ہیں اور ہم چاہتے ہیں کہ ریفرنڈم یا مجموعی صورتحال کے حوالے سے ہر معاملے میں عوام کے بہترین مفاد اور ان کی رائے کو مقدم رکھا جائے۔

 

مزید خبریں