موبائل فونز کی درآمدات میں جاری مالی سال کے پہلے چار ماہ کے دوران 45.6 فیصد اضافہ

ملک میں موبائل فونز کی درآمدات میں جاری مالی سال کے پہلے چار ماہ کے دوران سالانہ بنیادوں پر 45.6 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔

اسلام آباد۔17نومبر (اے پی پی):ملک میں موبائل فونز کی درآمدات میں جاری مالی سال کے پہلے چار ماہ کے دوران سالانہ بنیادوں پر 45.6 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔ سٹیٹ بینک آف پاکستان کی جانب سے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق جولائی تا اکتوبر 2026ء کے دوران موبائل فونز کی درآمدات پر 115.42 ملین ڈالر کا زرمبادلہ خرچ ہوا جو گزشتہ مالی سال کی اسی مدت کے دوران ریکارڈ کیے گئے 79.40 ملین ڈالر کے مقابلے میں 45.6 فیصد زیادہ ہے۔

اعداد و شمار کے مطابق اکتوبر 2026ء کے دوران موبائل فونز کی درآمدات پر 40.62 ملین ڈالر کا زرمبادلہ خرچ ہوا جو ستمبر 2026ء کے 27.76 ملین ڈالر کے مقابلے میں ماہانہ بنیادوں پر 46.3 فیصد زیادہ جبکہ گزشتہ سال اکتوبر کے 18.47 ملین ڈالر کے مقابلے میں سالانہ بنیادوں پر 120 فیصد زیادہ ہے۔واضح رہے کہ مالی سال 2026 کے دوران موبائل فونز کی مجموعی درآمدات کا حجم 320.10 ملین ڈالر ریکارڈ کیا گیا تھا۔سٹیٹ بینک کے اعداد و شمار کے مطابق جاری مالی سال کے پہلے چار ماہ کے دوران ٹیلی کام گروپ کی مجموعی درآمدات کا حجم 740.65 ملین ڈالر ریکارڈ کیا گیا جو گزشتہ مالی سال کی اسی مدت کے 779.61 ملین ڈالر کے مقابلے میں 5فیصدکم ہے۔

 

مزید خبریں