لاہور میں طالبات کو خودمختار بنانے کے لیے سکوٹی ٹریننگ پروگرام جاری، 60 طالبات کو تربیت مکمل کرنے پر سرٹیفکیٹس تقسیم

لاہور میں طالبات کو خودمختار بنانے کے لیے سکوٹی ٹریننگ پروگرام جاری، 60 طالبات کو تربیت مکمل کرنے پر سرٹیفکیٹس تقسیم

لاہور۔19نومبر (اے پی پی):چیف ٹریفک آفیسر لاہور سید عبدالرحیم شیرازی نے کہا ہے کہ خواتین کو بااختیار اور خود مختار بنانے کے لیے عملی اقدامات کئے جا رہے ہیں،خواتین کے تحفظ اور محفوظ سفری سہولیات کی فراہمی کے لیے بھی خصوصی اقدامات جاری ہیں۔انہوں نے ان خیالات کا اظہار ایک نجی یونیورسٹی میں منعقدہ سکوٹی ٹریننگ پروگرام اور روڈ سیفٹی سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

اس موقع پر انہوں نے طلبہ و طالبات کو روڈ سیفٹی سے متعلق آگاہی لیکچر دیا اور ٹریفک قوانین کی پابندی کی اہمیت پر روشنی ڈالی۔سی ٹی او لاہور نے بتایا کہ لاہور ٹریفک پولیس کی جانب سے سکولوں،کالجوں اور یونیورسٹیوں میں سکوٹی رائیڈ پروگرام شروع کیا گیا ہے،جس کے تحت یونیورسٹی آف سینٹرل پنجاب میں60 طالبات کو سکوٹی چلانے کی تربیت فراہم کی گئی۔ اس موقع پر طالبات نے سکوٹی چلانے کا عملی مظاہرہ بھی کیا جبکہ سی ٹی او لاہور نے تربیت مکمل کرنے والی طالبات میں سرٹیفکیٹس تقسیم کئے۔

انہوں نے بتایا کہ ویمن آن ویل منصوبے کے تحت اب تک7 ہزار733 خواتین کو مفت سکوٹی ٹریننگ فراہم کی جا چکی ہے۔خواتین ویمن آن ویل سکول،ایل او ایس فیروز پور روڈ سے کسی بھی وقت مفت ڈرائیونگ ٹریننگ حاصل کر سکتی ہیں۔سید عبدالرحیم شیرازی نے کہا کہ خواتین ملکی آبادی کا52 فیصد ہیں،انہیں بااختیار اور خود مختار بنانے کے لیے حکومتی سطح پر اقدامات کیے جا رہے ہیں۔سڑکوں پر خواتین ڈرائیورز کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے بھی خصوصی اقدامات کئے جا رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ کسی بھی مہذب معاشرے کا اندازہ وہاں کے شہریوں میں موجود ٹریفک شعور سے لگایا جا سکتا ہے۔ٹریفک نظام کی بہتری کا انحصار روڈ انجینئرنگ،ایجوکیشن اور انفورسمنٹ پر ہے۔ ٹریفک نظام میں بہتری صرف چالان کرنے سے نہیں بلکہ شہریوں میں شعور اور ذمہ داری کا احساس اجاگر کرنے سے ممکن ہے۔سی ٹی او لاہور نے کہا کہ ہر کام سختی سے نہیں کروایا جا سکتا بلکہ آگاہی اور تعلیم بھی بے حد ضروری ہے۔اچھا ڈرائیور وہی ہے جو ٹریفک قوانین کی پابندی کرتے ہوئے محفوظ ڈرائیونگ کو اپنا شعار بنائے۔