پٹرولیم مصنوعات کے درآمد ی بل میں چار ماہ کے دوران 9 فیصد اضافہ

پٹرولیم مصنوعات کے درآمد ی بل میں چار ماہ کے دوران 9 فیصد اضافہ

اسلام آباد۔19نومبر (اے پی پی):ملک میں پٹرولیم مصنوعات کے درآمدی بل میں جاری مالی سال کے پہلے چار ماہ کے دوران سالانہ بنیادوں پر تقریبا 9 فیصد اضافہ ریکارڈکیاگیاہے۔ سٹیٹ بینک آف پاکستان کی جانب سے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق مالی سال 2026-27 کے پہلے چار ماہ (جولائی تا اکتوبر)کے دوران پٹرولیم مصنوعات کی درآمدات پر 5.36 ارب ڈالر کا زرمبادلہ خرچ ہوا، جو گزشتہ مالی سال کی اسی مدت کے 4.92 ارب ڈالر کے مقابلے میں 8.94 فیصد زیادہ ہے۔اعداد و شمار کے مطابق اکتوبر 2026 کے دوران پٹرولیم مصنوعات کی درآمدات پر 1.43 ارب ڈالر خرچ ہوئے، جبکہ ستمبر 2026 میں یہ حجم 1.42 ارب ڈالر اور گزشتہ سال اکتوبر میں 1.29 ارب ڈالر ریکارڈ کیا گیا تھا۔مالی سال 2025-26 کے دوران پٹرولیم مصنوعات کی مجموعی درآمدات کا مالیاتی حجم 15.54 ارب ڈالر ریکارڈ کیا گیا تھا۔

اعداد و شمار کے مطابق جاری مالی سال کے پہلے چار ماہ میں خام تیل کی درآمدات پر 2.88 ارب ڈالر خرچ ہوئے، جو گزشتہ مالی سال کی اسی مدت کے 1.85 ارب ڈالر کے مقابلے میں نمایاں طور پر زیادہ ہیں۔اس کے برعکس مائع قدرتی گیس کی درآمدات کا مالیاتی حجم 479.34 ملین ڈالر ریکارڈ کیا گیا، جو گزشتہ مالی سال کی اسی مدت کے 944.90 ملین ڈالر کے مقابلے میں کم ہے۔اسی طرح مائع پٹرولیم گیس کی درآمدات پر 95.83 ملین ڈالر خرچ ہوئے، جو گزشتہ مالی سال کی اسی مدت کے 80.49 ملین ڈالر کے مقابلے میں زیادہ ہیں۔دوسری جانب دیگر پٹرولیم مصنوعات کی درآمدات پر 1.912 ارب ڈالر کا زرمبادلہ خرچ ہوا، جو گزشتہ مالی سال کی اسی مدت کے 2.53 ارب ڈالر کے مقابلے میں کم ہے۔

مزید خبریں